Masarrat
Masarrat Urdu

انڈیا اتحاد کا حدبندی بل کی سختی سے مخالفت کرنے کا فیصلہ

Thumb

نئی دہلی، 28 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) متعلق آئینی ترمیمی بل کی متحد ہوکر سختی سے مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ خواتین کے لیے ریزرویشن فوری طور پر لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی بنیاد پر نافذ کیا جائے اور حدبندی کے نام پر ریاستوں کے درمیان نمائندگی کے توازن کو تبدیل نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کی نشستوں میں اضافے کی تجویز میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے لیے ریزرویشن اور ان کی سیاسی نمائندگی کے حوالے سے بل میں کوئی واضح انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ مجوزہ نظام میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی سیاسی نمائندگی سے متعلق آئینی دفعات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 330 کے تحت محفوظ نشستوں اور آبادی کے تناسب سے متعلق سوالات پر بھی سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حدبندی کی بنیاد مردم شماری کے نئے اعداد و شمار ہونے چاہئیں۔

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے مطابق اتحاد کے رہنماؤں کا یہ بھی کہنا تھا کہ خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کے لیے حدبندی کی شرط عائد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ریزرویشن لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں پر ہی فوری طور پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں میں نمائندگی کا موجودہ تناسب آئندہ 25 برسوں تک برقرار رکھا جانا چاہیے، تاکہ کسی بھی ریاست کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے لایا جانے والا آئینی ترمیمی بل جمہوریت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے اور اتحاد اس کی مخالفت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کی مخالفت کے پیچھے کئی اہم وجوہات ہیں۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پہلے ’400 پار‘ کا نعرہ دیا تھا، جسے ملک کے عوام نے ناکام بنا دیا۔ اب لوک سبھا کی رکنیت بڑھا کر 850 کرنے کے ذریعے ہمیشہ اقتدار میں رہنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت حدبندی کی آڑ میں ملک کے جمہوری نظام اور ریاستوں کی سیاسی نمائندگی کو متاثر کرنا چاہتی ہے۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ حکومت نے اپریل میں بھی آئینی ترمیمی بل منظور کرانے کی کوشش کی تھی، لیکن اسے دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ اب حکومت سیاسی جماعتوں کو توڑ کر اور اپوزیشن میں پھوٹ ڈال کر اپنی اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے ترنمول کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور شیوسینا میں ہونے والی تقسیم کا ذکر کرتے ہوئے اسے اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کرنے کی سیاسی کوشش قرار دیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کا مقصد پارلیمنٹ کے جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنا ہے۔ چین کے پارلیمانی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پارلیمانی نظام کو اس سمت لے جانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے نظریات اور منواسمرتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بنیادی روح اور جمہوری اقدار کا تحفظ کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ انڈیا اتحاد خواتین کے ریزرویشن کے خلاف نہیں ہے۔ اتحاد چاہتا ہے کہ خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں میں ہی فوری طور پر دیا جائے۔ اس کے لیے حدبندی کی شرط عائد کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں میں نمائندگی کا موجودہ تناسب آئندہ 25 برسوں تک برقرار رکھا جانا چاہیے، تاکہ کسی بھی ریاست کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

میٹنگ میں مسٹر کھرگے کے علاوہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، ترنمول کانگریس کے ابھیشیک بنرجی اور ڈیرک اوبرائن، راشٹریہ جنتا دل کے منوج کمار جھا اور ابھے کشواہا، سماجوادی پارٹی کے رام جی لال سمن، مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے اے رحیم، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی کے پی سنتوش کمار، انڈین یونین مسلم لیگ کے ای ٹی محمد بشیر، ریولوشنری سوشلسٹ پارٹی کے این کے پریم چندرن، نیشنل کانفرنس کے چودھری محمد رمضان، شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے اروند ساونت، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بیدیا ناتھ رام اور آزاد راجیہ سبھا رکن کپل سبل سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

میٹنگ میں کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا، کے سی وینوگوپال، جے رام رمیش، پون کھیڑا، سید ناصر حسین، پرمود تیواری اور گورو گوگوئی بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ڈی ایم کے، عام آدمی پارٹی اور بیجو جنتا دل کو بھی مدعو کیا گیا تھا، لیکن ان کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کی سپریا سولے بھی اجلاس میں موجود نہیں تھیں۔

 

Ads