Masarrat
Masarrat Urdu

جموں و کشمیر: امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں، وانگچک

Thumb

سری نگر، 27 نومبر (مسرت ٖڈاٹ کام) ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کی جانب سے جاری وجہ بتاؤ نوٹس کے جواب میں لیہہ میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے اور غیر رسمی طور پر واضح کیا کہ امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کیونکہ انہوں نے نہ تو کچھ ایسا کہا ہے اور نہ ہی کوئی ایسا کام کیا ہے جس سے کسی بھی طرح امن و امان کو خطرہ لاحق ہو۔

لیہہ انتظامیہ نے جمعرات کو وانگچک کو طلب کیا تھا اور ان سے وضاحت طلب کی تھی کہ آنے والے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات کے سلسلے میں انہیں امن برقرار رکھنے کے لیے بانڈ جمع کرانے کا پابند کیوں نہ کیا جائے۔

وانگچک نے بتایا کہ طلب کیے جانے کے بعد وہ جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ لیہہ ڈیلیکس نمگیال کے سامنے پیش ہوئے اور انہیں وضاحت دینی تھی کہ انتخابی مدت کے دوران امن برقرار رکھنے کے لیے انہیں بانڈ جمع کرانے کا پابند کیوں نہ کیا جائے۔

مورخہ 25 نومبر کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعات 126 اور 130 کے تحت جاری کیے گئے نوٹس میں 23 نومبر کو لیہہ کے این ڈی ایس میموریل پارک میں ایک اجتماع کے دوران وانگچک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے بیانات کا حوالہ دیا گیا تھا۔

نوٹس کے مطابق وانگچک نے مبینہ طور پر سرکاری ملازمین سے اپیل کی تھی کہ وہ انتخابی مدت کے دوران اجتماعی طور پر چھٹی پر چلے جائیں۔ انہوں نے لوگوں سے موسم سرما کے دوران انتخابات کرانے کی مخالفت جاری رکھنے کی اپیل بھی کی تھی اور 27 نومبر سے 4 دسمبر، یعنی پولنگ کے دن تک، عوامی اجتماع کے بعد بھوک ہڑتال کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کے دوران دیے گئے ان بیانات سے امن و امان میں ممکنہ خلل اور عوامی سکون متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا ہے۔

مجوزہ بانڈ میں ایک ماہ کی مدت کے لیے 10000 روپے کی رقم اور اسی مالیت کے دو ضامن پیش کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔

تاہم وانگچک نے کہا کہ وہ مسلسل احتجاج کے پُرامن طریقوں، جن میں دھرنا اور بھوک ہڑتال شامل ہیں، کی حمایت کرتے رہے ہیں اور انہیں امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط کرنے کا پابند بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وانگچک نے کہا کہ وہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہوئے اور واضح کردیا کہ وہ امن برقرار رکھنے کے بانڈ پر دستخط نہیں کریں گے، کیونکہ ان کے کسی بیان یا عمل سے امن و امان کو خطرہ لاحق نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہاکہ ’’میں اپنے وکیل مسٹر شفیع کے ساتھ پیش ہوا اور باضابطہ جواب دینے کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا، کیونکہ 19 صفحات پر مشتمل نوٹس میں کئی بے بنیاد اور غیر ضروری الزامات لگائے گئے تھے، جن کے لیے وکلا سے مشورہ کرنے اور تقاریر کی نقل تیار کرنے کی ضرورت تھی۔ سماعت کا ماحول بہت خوشگوار تھا اور نوجوان مجسٹریٹ مسٹر ڈیلیکس نمگیال نے جواب دینے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔‘‘

انہوں نے مزید کہاکہ ’’لیکن ہمارے وہاں سے نکلنے کے صرف دو گھنٹے بعد میرے وکیل کو اچانک ایک خط موصول ہوا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ہم 28 نومبر، یعنی ہفتے تک اپنا جواب جمع کرادیں۔ یہ مکمل طور پر من مانا اور غیر شفاف طریقۂ کار ہے، جس میں اچانک نوٹس دیا جاتا ہے اور ایک ہفتے کا وقت دینے پر واضح رضامندی کے باوجود دو دن کے اندر جواب طلب کیا جاتا ہے۔‘‘

وانگچک نے الزام لگایا کہ یہ ’’لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے ایک اور واضح معاملہ ہے، جس میں نوجوان مقامی افسران کا غلط استعمال کرکے انہیں ان لوگوں کو پریشان کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے جو مشکل سوالات اٹھاتے ہیں۔‘‘

انہوں نے سخت سردی کے موسم میں ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کرانے کے انتظامیہ کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا اور پوچھا کہ انتخابات اتنی عجلت میں کیوں کرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیاکہ ’’ہندوستانی فضائیہ کا غلط استعمال کرکے ان رائے دہندگان کو واپس لانے کے لیے فضائی راستے سے سفر پر ٹیکس دہندگان کا پیسہ کیوں ضائع کیا جارہا ہے، جو بڑی مشکل سے سردیوں کے لیے یہاں سے باہر جا سکے ہیں؟ 24 ستمبر کو ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق عدالتی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو انتخابات کے نوٹس کی طرح جلد منظر عام پر کیوں نہیں لایا جاتا؟‘‘

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب لیہہ ایپیکس باڈی اور دیگر علاقائی تنظیمیں سخت سردیوں کے مہینوں میں ایل اے ایچ ڈی سی انتخابات کرانے کی مخالفت کررہی ہیں۔ لیہہ ایپیکس باڈی، کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ مل کر لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔

ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ انتخابات کے لیے پولنگ 4 دسمبر کو مقرر ہے، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی آگے بڑھنا چاہیے۔

 

 
 

Ads