تہران، 27 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں غیرملکی افواج کی تعیناتی سے امن و سلامتی قائم ہونے کے بجائے کشیدگی میں اضافہ اور تنازعات کا دائرہ وسیع ہوگا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
عراقچی نے خطے میں غیرملکی افواج کی موجودگی پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی سے استحکام اور سلامتی قائم کرنے میں مدد نہیں ملے گی، بلکہ اس سے کشیدگی بڑھے گی اور تنازعات کا دائرہ وسیع ہوگا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ایران کی تازہ ترین سفارتی کوششوں اور اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے ضروری شرائط اور طریقۂ کار کے بارے میں ایران کا مؤقف بھی بیان کیا۔
دوسری جانب، جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیول کا جنگ میں مداخلت یا اس میں شرکت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی خطے میں فوجی دستے تعینات کرنے کا کوئی منصوبہ ہے۔
