Masarrat
Masarrat Urdu

مستقبل کے سلامتی چیلنجوں کے ساتھ موجودہ خطرات سے نمٹنے کی تیاری بھی ضروری: راجناتھ

Thumb

نئی دہلی، 26 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات اور جنگ کے نئے طریقوں کے پیش نظر ہندوستان کو مستقبل کے سلامتی چیلنجوں کا پہلے سے اندازہ لگانا ہوگا اور ساتھ ہی موجودہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب روایتی فوجی خطرات کے ساتھ سائبر حملوں، گمراہ کن پروپیگنڈے، اقتصادی دباؤ اور سپلائی نظام میں رکاوٹ جیسے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔ ایسے میں ملک کی سلامتی کے لیے دور رس سوچ اپنانا ضروری ہے۔

مسٹر سنگھ جمعرات کو یہاں نیشنل ڈیفنس کالج (این ڈی سی) کے 66 ویں کورس کی تقسیم اسناد اور اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں طاقت کا توازن بدل رہا ہے، نئے ممالک اسٹریٹجک طور پر اثر و رسوخ حاصل کر رہے ہیں اور پرانے اتحادوں میں بھی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت نے سلامتی کے چیلنجوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان کا جغرافیائی محل وقوع، طویل زمینی سرحدیں، سمندری مفادات اور بڑھتی ہوئی بین الاقوامی ذمہ داریاں ملک کے سلامتی چیلنجوں کو مزید اہم بنا دیتی ہیں۔ اب اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درمیان فرق بھی کم ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں قومی سلامتی کے لیے پہلے سے تیاری کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے این ڈی سی میں ہونے والے مطالعے اور تحقیق کو ملک کی سلامتی پالیسی سے براہ راست جوڑنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں دفاعی افواج، سول سروسز اور دوست ممالک کے سینئر افسران کے تجربات اور علم ایک جگہ جمع ہوتے ہیں۔ اس کا استعمال ملک کی سلامتی سے متعلق فیصلوں اور پالیسیوں کو بہتر بنانے کے لیے کیا جانا چاہیے۔

مسٹر سنگھ نے تجویز پیش کی کہ وزارت دفاع کے ساتھ مل کر این ڈی سی ہر کورس میں قومی سلامتی سے متعلق چند اہم چیلنجوں کی نشاندہی کرے اور ان پر تفصیلی مطالعہ کرائے۔ ان میں سرحدی انتظام، سمندری سلامتی، نئی ٹیکنالوجی، اقتصادی سلامتی، اہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ اور اندرونی و بیرونی خطرات شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے فوج اور انتظامیہ کے سینئر افسران کو بھی ادارے میں مدعو کرکے حقیقی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کرانے کی بات کہی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ این ڈی سی میں ہونے والی تحقیق صرف علمی مضامین یا کلاس روم تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ تحقیق کی بنیاد پر ایسی رپورٹیں تیار ہونی چاہئیں، جن میں عملی تجاویز شامل ہوں۔ یہ رپورٹیں وزارت دفاع اور ضرورت کے مطابق دیگر وزارتوں کو بھی بھیجی جانی چاہئیں، تاکہ حکومت ان پر غور کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی سی کے ہر کورس سے تربیت یافتہ افسران کے ساتھ ملک کو سلامتی سے متعلق تحقیقی کام اور پالیسی ساز تجاویز بھی حاصل ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں فیصلہ کرنے والوں کے پاس ہمیشہ مکمل معلومات نہیں ہوتیں۔ ایسے میں دستیاب متبادل کا جائزہ لے کر سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کے فوجی، اقتصادی، سفارتی اور انتظامی اثرات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے این ڈی سی کی اسٹریٹجک مشقوں میں نئی ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے اور حقیقی حالات کی بنیاد پر مختلف متبادل کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔

مسٹر سنگھ نے این ڈی سی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، مشین لرننگ، روبوٹکس، بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں، خلائی اور ہوابازی کی ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر جیسے موضوعات پر خصوصی سیشن شروع کیے جانے کی ستائش کی۔ انہوں نے اے آئی پر الگ تربیتی پروگرام اور اسٹریٹجک مشقوں میں اے آئی سے متعلق نئے طریقوں کو شامل کرنے کے اقدام کا بھی خیرمقدم کیا۔

انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، مدراس کے تعاون سے شروع کیے گئے اسٹریٹجک قیادت اور عوامی پالیسی کے ایگزیکٹو ایم بی اے کورس کو بھی ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی سلامتی کے مطالعے میں انتظامی امور، سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق مہارت شامل ہوئی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ این ڈی سی میں دوست ممالک کے افسران کی شرکت سے ہندوستان کے بین الاقوامی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں۔ یہاں ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے سے ہندوستانی اور غیر ملکی افسران کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، اعتماد اور دوستی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسٹریٹجک انگیجمنٹ پروگرام (انسٹیپ) کا بھی ذکر کیا۔ اس کے حال ہی میں منعقدہ چوتھے پروگرام میں 22 ترقی پذیر ممالک کے 25 شرکاء، ہندوستانی دفاعی افواج اور سول سروسز کے 10 سینئر افسران اور دفاعی کمپنیوں کے تین افسران نے حصہ لیا۔

این ڈی سی کا کورس ہر سال جنوری سے نومبر تک 47 ہفتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اسے چھ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں ہندوستان اور حکمت عملی کی تفہیم، اقتصادی سلامتی، سائنس و ٹیکنالوجی، عالمی امور، بین الاقوامی سلامتی، ہندوستان کے اسٹریٹجک پڑوسی ممالک اور قومی سلامتی کی حکمت عملیاں شامل ہیں۔

66ویں کورس میں ہندوستان اور بیرون ملک کے مجموعی طور پر 122 افسران نے حصہ لیا۔ ان میں 24 ممالک کے 40 غیر ملکی افسران شامل تھے۔ یہ افسران ہندوستانی دفاعی افواج، سول سروسز، پولیس سروسز اور حکومت کے دیگر محکموں سے وابستہ تھے۔

تقریب میں این ڈی سی کے کمانڈنٹ ایئر مارشل منیش کمار گپتا، آئی آئی ٹی مدراس کے ڈین (فیکلٹی) پروفیسر کے۔ مرلی، وزارت دفاع کے سینئر افسران، این ڈی سی کے اساتذہ اور کورس میں شریک افسران موجود تھے۔

 

Ads