Masarrat
Masarrat Urdu

شہید رہبر انقلاب کی پہلی برسی کی تقریبات عید فطر تک جاری رہیں گی

Thumb

تہران، 26 نومبر(مسرت ڈاٹ کام) ایران کے سینئر نائب صدر اعلان کیا ہے کہ رہبر شہید انقلاب کی پہلی برسی کی تقریبات عید فطر تک جاری رہیں گی اور ان تقریبات کے انعقاد کے لیے قائم کمیٹی، ان کے جنازے اور تدفین کی تقریبات کے تجربات کی روشنی میں اپنی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے سینئر نائب صدر محمدرضا عارف نے ہفتہ بسیج کی مناسبت سے ایرانی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بسیج ایک قیمتی کارنامہ ہے، جسے امام خمینی کے حکم پر 26 نومبر 1980 کو قائم کیا گیا۔ اس کے قیام کے بعد عوامی قوتیں منظم، مربوط اور ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر میدان میں اتریں۔

نائب صدر نے اسلامی انقلاب کو عوامی انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینی بارہا انقلاب کی کامیابی اور اس کے تسلسل میں عوام کے بنیادی کردار پر زور دے چکے تھے۔ جس بھی محاذ پر بسیج میدان میں اتری، ہماری کامیابی یقینی رہی۔

انہوں نے رہبر شہید انقلاب اسلامی کی پہلی برسی کی تقریبات کے انعقاد کے لیے کمیٹی کی تشکیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات میں شرکت کے لیے ملک کے اندر اور بیرون ملک سے وسیع پیمانے پر درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس سلسلے میں عوام کی جانب سے خودبخود بھی مختلف اقدامات شروع کیے جا چکے ہیں۔

سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی ہدایت پر ان تقریبات کے انعقاد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی ذمہ داری عوامی سرگرمیوں کی رہنمائی اور ان میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے شہید امام کی پہلی برسی کی تقریبات کو عوامی سطح پر منعقد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریبات عوام کے تعاون سے منعقد کی جائیں گی، جبکہ برسی کی کمیٹی اور حکومتی ادارے صرف عوامی سرگرمیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور انہیں سہولت فراہم کرنے کا کردار ادا کریں گے۔

عارف نے اعلان کیا کہ رہبر شہید انقلاب کی پہلی برسی کی تقریبات عید فطر تک جاری رہیں گی اور ان کے انعقاد کے لیے کمیٹی کی سرگرمیوں کا طریقۂ کار، رہبر شہید کے جنازے اور تدفین کی تقریبات کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔

عارف نے وزرا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبر شہید انقلاب کی برسی کی تقریبات کے لیے قائم کمیٹی کی مختلف ذیلی کمیٹیوں کی ذمہ داری حکومتی وزرا کو سونپی گئی ہے۔

Ads