یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز بتایا کہ مشرقی لیبیا کے بن غازی بحری اڈے پر روسی جنگی جہاز ’مرکری‘ کے خلاف اتوار کو ایک کارروائی میں 7 بحری ڈرون تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جہاز پر موجود روسی کے اے۔27 فوجی ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوگیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، مسٹر زیلنسکی نے اس کارروائی کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہاکہ ’’حملے کو ناکام بنانے کی دشمن کی تمام کوششوں کے باوجود روسی جنگی جہاز ’مرکری‘ کو ڈبو دیا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یوکرینی فوج نے روسی مال بردار جہاز ’ایم وی انگارا‘ پر بھی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس جہاز کا استعمال ہتھیار اور فوجی سازوسامان لے جانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔
یہ حملہ اس وقت ہوا جب ’مرکری‘ روس واپس جانے سے پہلے ایندھن بھرنے اور رسد حاصل کرنے کے لیے بن غازی بندرگاہ پر رکا ہوا تھا۔ تجارتی خفیہ معلومات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر میں یہ جنگی جہاز بڑے پیمانے پر الٹا اور پانی میں ڈوبا ہوا دکھائی دیا، جبکہ اس کا صرف اگلا حصہ پانی کے اوپر نظر آرہا تھا۔
مشرقی لیبیا کے حکام نے ابتدا میں جہاز کی شناخت ظاہر کیے بغیر اور کسی کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرائے بغیر بحری اڈے پر ایک نامعلوم جہاز میں دھماکے اور آگ لگنے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی جانچ کی جا رہی ہے اور مشتبہ حملے کے ماخذ کا پتہ لگانے کے لیے حکام اپنے روسی ہم منصبوں کے ساتھ رابطہ قائم کیے ہوئے ہیں۔
مشرقی انتظامیہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے لیبیا کی خودمختاری اور سمندری سلامتی کی خلاف ورزی قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک روس۔یوکرین جنگ میں شامل نہیں ہے۔
اس واقعے پر طرابلس میں قائم لیبیا کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قومی اتحاد کی حکومت (جی این یو) نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور بیرونی تنازعات سے متعلق سرگرمیوں کے لیے غیر ملکی طاقتوں کو ملک کی بندرگاہوں اور شہری سہولیات کے استعمال کی اجازت دینے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این ایس ایم آئی ایل) نے ان حملوں کی فوری، آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
مشن نے کہاکہ ’’لیبیا غیر ملکی تنازعات کا میدانِ جنگ بننے کا خطرہ مول نہیں لے سکتا اور نہ ہی اسے ایسا بننے دیا جانا چاہیے۔‘‘
بن غازی کا یہ واقعہ ایک دوسرے روسی مال بردار جہاز ’اسپارٹا۔2‘ پر ڈرون حملے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ ہفتے کے روز روس کے بالٹک علاقے کالینن گراڈ کی طرف جاتے وقت خلیج فن لینڈ میں ’اسپارٹا۔2‘ پر ڈرون سے حملہ کیا گیا تھا۔ فن لینڈ کی فوج نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر یوکرین کا ہاتھ تھا، حالانکہ یوکرین نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ جہاز کے عملے کے تمام 16 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا، جن میں سے ایک کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اتوار کی شام بن غازی کے ساحل کے قریب مالٹا کے پرچم والے ایک تجارتی جہاز پر بھی الگ سے ڈرون حملے کی اطلاع ملی۔
