192 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے دوسرے اوور میں فن ایلن (2) کی وکٹ گنوائی، جنہیں ارشد دیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ڈیرل مچل اور ٹم سیفرٹ نے دوسرے وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑے۔ نویں اوور میں ورون چکرورتی نے ڈیرل مچل (29) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سنچری کی جانب بڑھ رہے سیفرٹ کو نتیش کمار ریڈی نے آؤٹ کیا۔ سیفرٹ نے 50 گیندوں میں 11 چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔ گلین فلپس نے 38 گیندوں میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 65 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے 18 اوور میں تین وکٹ پر 195 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ بیون جیکبس ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہندوستان کی جانب سے ارشد دیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور نتیش کمار ریڈی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ہندوستان نے ایشان کشن (61)، کپتان شریئس ایئر (50) اور نمن دھیر (33) کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 191 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے 19 رنز پر دونوں سلامی بلے بازوں کو گنوا دیا۔ ابھیشیک شرما ایک اور سنجو سیمسن چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ایشان کشن اور شریئس ایئر نے تیسرے وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت داری کرکے اننگز سنبھالی۔ ایشان نے 32 گیندوں میں پانچ چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے، جبکہ شریئس نے 23 گیندوں میں تین چوکے اور چار چھکوں کے ساتھ 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ تلک ورما چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نمن دھیر اور نتیش کمار ریڈی نے چھٹے وکٹ کے لیے 46 رنز جوڑے۔ نمن نے 23 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ نتیش نے 17 گیندوں میں 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھونیشور کمار چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے چار، جبکہ نیتھن اسمتھ اور بلیئر ٹکنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
