ذرائع کے مطابق، ورلڈ کپ کے کل 54 میچوں میں سے اکثریتی میچز جنوبی افریقا کے 8 مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جس کے تحت جنوبی افریقا 41 میچوں کی میزبانی کرے گا۔ اس کے علاوہ زمبابوے میں 8 سے 10 میچز اور نمیبیا میں 3 میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔پہلے زمبابوے کے صرف دو اسٹیڈیمز کے استعمال پر غور کیا جا رہا تھا، لیکن اس سال کے آخر تک 'وکٹوریہ فالز' پر تعمیر ہونے والا نیا اسٹیڈیم مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد زمبابوے کے تینوں میدانوں کا استعمال کیا جائے گا۔
سال 2003ء کے تاریخی ورلڈ کپ کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب جنوبی افریقا میں ون ڈے ورلڈ کپ کا میگا ایونٹ منعقد ہوگا۔ اگرچہ اس دوران جنوبی افریقا 2007ء کے مینز ٹی-20 ورلڈ کپ، 2009ء کی چیمپئنز ٹرافی اور 2023ء کے ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹس کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے۔
گزشتہ دو ایڈیشنز (2019ء اور 2023ء) میں 10 ٹیموں کے فارمیٹ کے بعد، اب ایک بار پھر 14 ٹیموں کے فارمیٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔ تمام ٹیموں کو 7-7 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، اور دونوں گروپس سے ٹاپ 3-3 ٹیمیں 'سپر سکس' مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ میزبان ہونے کے ناطے جنوبی افریقا اور زمبابوے نے ٹورنامنٹ کے لیے براہِ راست کوالیفائی کر لیا ہے، تاہم نمیبیا کو کوالیفکیشن کے باقاعدہ عمل سے گزرنا ہوگا۔
