Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیل کے دن گنے جا چکے، اگلا معرکہ یقینی ہے، عبد الملک الحوثی

Thumb

صنعا، 27 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے لیلتہ الرغائب کے موقع پر اپنے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی دشمن کے ساتھ مستقبل کے معرکے یقینی ہیں اور اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے جمعہ کو لیلتہ الرغائب کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ اپنے گماشتوں کے ساتھ مل کر انسانی تاریخ کے سب سے خطرناک اور جابر ظالموں کے طور پر ابھرے ہیں۔

انہوں نے مسلم ممالک کے اندر موجود غدار تحریکوں کے منصوبوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غدار مسلم اقوام کی ایمانی شناخت کو مسخ کر کے انہیں دشمنوں کے سامنے تسلیم کروانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کا اصل ہدف مسلم اقوام کے درمیان دراڑیں ڈالنا ہے۔

عبدالملک الحوثی نے قرآن کریم اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ان حرکتوں کے ذریعے مسلمانوں کے ردعمل کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

انہوں نے گریٹر اسرائیل کے منصوبے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دشمن پورے مغربی ایشیا کو اپنے قبضے میں لینے کی سازش کر رہا ہے۔

فلسطینیوں کی حالتِ زار پر بات کرتے ہوئے یمنی رہنما نے کہا کہ صیہونی روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کو قتل اور اغوا کر رہے ہیں، جبکہ غزہ اور مغربی کنارے دونوں علاقوں میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے مستقبل کے تنازعات کی حتمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ مقابلے کے آنے والے مراحل یقینی ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں، لہٰذا امتِ مسلمہ کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔

Ads