تہران، 19 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان قریبی اشتراک سے مغرب کی غیرقانونی پابندیوں کے خلاف مؤثر اقدام اور خطے میں استحکام ممکن ہوگا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان قریبی تعاون مغربی دنیا کی غیرقانونی پابندیوں کے خلاف مؤثر اقدامات، علاقائی استحکام کے فروغ اور مشترکہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
روس کے دورے کے ایک روز بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ ایران اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے کی بنیاد پر دونوں ممالک کی وزارت خارجہ نے تین سالہ روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد باہمی تعاون اور رابطہ کاری کو منظم اور بلند سطح تک لے جانا ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق تہران اور ماسکو کے درمیان قریبی اشتراک نہ صرف مغربی پابندیوں کے خلاف مضبوط مشترکہ حکمت عملی کو ممکن بنائے گا بلکہ علاقائی استحکام کے فروغ، بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں کی پیش رفت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیرقانونی اقدامات کو روکنے میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے پیر سے بدھ تک تین روزہ دورے کے دوران بیلاروس اور روس کا دورہ کیا۔ ماسکو میں انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں وزرائے خارجہ نے مغربی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران اور روس کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
