Masarrat
Masarrat Urdu

بغداد کو اب بھی صہیونی حکومت سے خطرہ درپیش ہے، عراقی وزیرخارجہ

  • 17 Dec 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بغداد، 17 دسمبر(مسرت ڈاٹ کام) عراقی وزیرخارجہ نے صہیونی حکومت کی جانب سے درپیش خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے معاملات میں بیرونی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے خبردار کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے عراق، لبنان اور شام کو دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹام باراک کے عراق کے بارے میں بیانات حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔

فواد حسین نے عراق کے سیاسی ڈھانچے اور تین اعلی عہدوں پر افراد کے انتخاب کے حوالے سے بتایا کہ مسائل سیاسی دھڑوں کے درمیان نہیں بلکہ ہر دھڑے کے اندر موجود اختلافات کی وجہ سے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات اور آئندہ حکومت کے قیام کے لیے حقیقی کوششیں اگلے ماہ کے آغاز سے شروع ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عراق دیگر خطے کے ممالک کے مقابلے میں علاقائی تناؤ سے زیادہ متاثر ہوا ہے، اور بعض خارجی طاقتیں عراق کی حکومت میں مخصوص جماعتوں کو ترجیح دیتی ہیں، لیکن آخری فیصلہ عراقی عوام کریں گے۔

فواد حسین نے مزید کہا کہ عراق شام کے ساتھ تعلقات رکھتا ہے، کیونکہ مشترکہ تجربات اور دہشت گردی کے خلاف تعاون اہم ہیں۔

وزیر خارجہ نے دوبارہ تاکید کی کہ اسرائیل کی دھمکیاں عراق، لبنان اور شام کے خلاف برقرار ہیں اور عراق کے داخلی امور میں کسی بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

Ads