نئی دہلی/کویت، 30ستمبر (مسرت نیوز) کویت کے پندرہویں بادشاہ قائد انسانیت امیرِ کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقالِ پر ملال پر بزمِ صدف انٹر نیشنل کویت شاخ نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے کویت کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے اور فرماں روا خاندان اوران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بزم صدف انٹرنیشنل کویت شاخ کے صدر اور مشہور شاعر مسعود حساس نے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح انتہائی زیرک معاملہ فہم سنجیدہ محبِ وطن محبِ امت کے علاوہ محبِ انسانیت بھی تھے۔آنجناب کی انسانیت دوستی و انسان نوازی کی بنیاد پہ ہی انہیں چند برس قبل عالمی برادری کی جانب سے قائدِ انسانیت کا خطاب عطا کیا گیا تھا افسوس اب وہی برگزیدہ شخصیت ہماری درمیان نہیں رہی۔ ایسے موقعے پر ہم کویت اور اہلِ کویت کے غم میں برابر کے شریک ہیں نیز دعا گو ہیں کہ اللہ ان کے درجات بلند فرمائیں اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
انہوں نے کہاکہ سن 1929 میں پیدا ہونے والے شیخ صباح الاحمد الصباح کو جدید کویت کی خارجہ پالیسی کا معمار سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کویت کو کئی موقعوں پر منجدھار سے نکالا ہے اوروہ منجھے ہوئے سیاست داں تھے۔ انہوں نے 1963 سے 2003 تک تقریبا 40 سال تک کویت کے وزیر خارجہ کے بطور خدمات انجام دینے کے بعد ملک کے فرماں روا بنے تھے۔اگست 2019 میں انہیں شدید طبی عارضہ لاحق ہوا اور انہیں طویل عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔ پھر جولائی 2020 میں انہیں فوری طبی علاج کے لیے امریکہ لے جایا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی تھی۔
انہوں نے نئے امیر کویت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امیر کویت کی وفات کے بعد آئین کے مطابق ولی عہد نواف الاحمد الصباح ملک کے نئے امیر ہوں گے، ان کے لئے ڈھیر ساری نیک تمنائیں۔