Masarrat
Masarrat Urdu

وقف ترمیمی بل: وقف املاک کو ضبط کرنے اور تباہ کرنے کی سازش،اس کے خلاف دھرنا اب 17 مارچ کو :مولانا فضل الرحیم مجددی

  • 12 Mar 2025
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

نئی دہلی، 11 مارچ (مسرت ڈاٹ کام)آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ  ( اے آئی ایم پی ایل بی) کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ بعض وجوہ کے بنا پر مسلم پرسنل لا بورڈ کا 13 مارچ کو ہونے والا دھرنا اب 17 مارچ کو ہوگا۔ یہ بات انہوں آج یہاں منعقدہ  ایک پریس کانفرنس میں کہی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے یہ دھرنا 10 مارچ کو ہونا تھا جسے تبدیل کرکے 13 مارچ کو کیا گیا لیکن کئی وجوہ کی بناپر اب دھرنا 17 مارچ کو ہوگا۔جسے کامیاب بنانے کے لئے انہوں تمام لوگوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ کروڑ مسلمانوں کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو ای میل بھیجنے اور مسلم پرسنل لاء بورڈ، ممتاز قومی اور ریاستی سطح کی مسلم تنظیموں اور اہم افراد کی وسیع نمائندگی کے باوجود حکومت نے نہ صرف اپنے موقف پر نظر ثانی کرنے سے انکار کیا ہے بلکہ اس بل کو مزید سخت اور متنازع بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری ممالک میں، کسی بھی قانون یا بل کو مقننہ میں پیش کرنے سے پہلے عام طور پر اس کے بنیادی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بحث کی جاتی ہے۔ تاہم اس حکومت نے شروع سے ہی آمرانہ روش اختیار کی ہے۔ کسانوں کے ساتھ مشاورت کے بغیر پارلیمنٹ میں تین فارم قوانین منظور کیے گئے۔ کسانوں کے طویل اور پرعزم احتجاج کے بعد ہی حکومت انہیں واپس لینے پر مجبور ہوئی۔
ماضی میں جب بھی وقف ایکٹ میں ترمیم کی گئی تو مسلم قائدین اور علماء سے مشاورت کی گئی اور ان کی معقول تجاویز پر غور کیا گیا۔ تاہم اس بار پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے سے پہلے کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ بل کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تو 31 رکنی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ تاہم، حکمراں جماعت کے زیر تسلط جے پی سی نے سطحی ترمیم کرنے اور بل کو مزید سخت کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ کمیٹی نے مسلم کمیونٹی کے معقول اعتراضات اور معقول تجاویز کو یکسر مسترد کر دیا۔ مزید برآں، کمیٹی میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے تجویز کردہ 44 ترامیم کو بھی مسترد کر دیا گیا۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ ساتھ بی جے پی کی اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے ساتھ اس بل پر مسلم کمیونٹی کے ٹھوس اعتراضات سے آگاہ کیا۔ اس کوشش کے ایک حصے کے طور پر بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندرابابو نائیڈو سے وجئے واڑہ میں ملاقات کی۔ وفد نے انہیں بل کے حوالے سے کمیونٹی کے تحفظات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ دریں اثنا، ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن کا اہتمام مختلف مسلم تنظیموں نے کیا، بل کی شدید مخالفت کی۔
ان کوششوں کے باوجود، مسلم کمیونٹی کے جائز تحفظات کو نظر انداز کیا گیا ہے، اور این ڈی اے حکومت وقف املاک کو ضبط کرنے اور تباہ کرنے کے اپنے ایجنڈے پر قائم ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ این ڈی اے کی حلیف جماعتیں، جو کہ سیکولر اور انصاف پسند ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں، کافی مسلم ووٹ حاصل کرنے کے باوجود بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کی حمایت کر رہی ہیں۔ مسلم کمیونٹی اس وقف ترمیمی بل کو کمیونٹی پر براہ راست حملہ کے طور پر دیکھتی ہے۔ یہ واضح ہے کہ بی جے پی کی سیاست فرقہ وارانہ پولرائزیشن اور 'تقسیم کرو اور حکومت کرو' کی حکمت عملی پر پروان چڑھتی ہے۔ تاہم، اس کی اتحادی جماعتوں کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اس تفرقہ انگیز ایجنڈے کے ساتھ کس حد تک ہم آہنگ ہونے کے لیے تیار ہیں۔
اس صورت حال کے جواب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، تمام مذہبی اور کمیونٹی پر مبنی تنظیموں اور ملک بھر کے انصاف پسند شہریوں کے ساتھ مل کر 17 مارچ کو جنتر منتر پر احتجاج کرکے اپنے جمہوری اور آئینی حقوق کا استعمال کریں گے۔ اس مظاہرے کا مقصد سیکولر سیاسی جماعتوں، این ڈی اے کے اتحادیوں اور خود قوم کے ضمیر پر دستک دینا ہے۔ شاید اس سے تعطل کو توڑنے میں مدد ملے گی اور ہمیں اپنے موقف کو مؤثر طریقے سے اراکین پارلیمنٹ تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔پریس کانفرنس میں  اے آئی ایم پی ایل بی کے ترجمان ڈاکٹر قاسم رسول الیاس بھی موجود تھے۔
 

Ads