Masarrat
Masarrat Urdu

مودی نے ماریشس میں ہندوستانی نژاد ساتویں نسل کے لوگوں کو او سی آئی کارڈ کا اعلان کیا

  • 11 Mar 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

پورٹ لوئس، 11 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ماریشس میں ہندوستانی نژاد ساتویں نسل کے شہریوں کو بھی او سی آئی (اوورسیز سٹیزن آف انڈیا) کارڈ کے لیے اہل بنانے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ مسٹر مودی آج صبح ماریشس کے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے اور بدھ کو ماریشس کے قومی دن کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔

یہاں شام کو ماریشس میں ہندوستانی کمیونٹی کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام میں اعلان کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ "یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماریشس میں رہنے والے این آر آئی کی ساتویں نسل تک کو او سی آئی کارڈ کے لئے اہل سمجھا جائے گا۔ مجھے آج یہ او سی آئی کارڈ ماریشس کے صدر اور ان کی اہلیہ کو پیش کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ اسی طرح مجھے یہ اعزاز ماریشس کے وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کو پیش کرنے پر فخر ہے۔
مسٹر مودی نے تقریب میں کہاکہ ''جب میں ماریشس آتا ہوں تو مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں اپنے ہی لوگوں کے درمیان آیا ہوں۔ یہاں کی ہوا میں، یہاں کی مٹی میں، یہاں کے پانی میں اپنائیت کا احساس ہے۔" مسٹر مودی کے ساتھ اس تقریب میں ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رامگولم اور ان کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔ ان کے اعزاز میں پروگرام کے آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر مسٹر مودی نے ماریشس کے وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ وینا رامگولم کو ہندوستانی نژاد تارکین وطن کو دیا جانے والا او سی آئی کارڈ پیش کیا۔
اس سے پہلے دن میں وزیر اعظم نے صدر گوکل کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران انہیں اور ماریشس کی خاتون اول ورندا گوکل کو او سی آئی کارڈ حوالے کیے اور انہیں بہار سے مکھانہ کے ساتھ ساتھ بنارسی ریشم کی ساڑھی اور گنیش کی مورتی بھی تحفے میں دی۔
استقبالیہ تقریب میں مسٹر رام گولام نے وزیر اعظم مودی کو ماریشس کے اعلیٰ ترین اعزاز 'دی گرینڈ کمانڈر آف دی آرڈر آف دی اسٹار اینڈ کی آف دی انڈین اوشین' کا اعلان کیا۔
مسٹر مودی نے کہاکہ ’’ماریشس کے عوام یہاں کی حکومت نے مجھے اپنا سب سے بڑا شہری اعزاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں انکساری سے آپ کا فیصلہ قبول کرتا ہوں۔ یہ ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تاریخی تعلقات کو خراج تحسین ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو ماریشس کے قومی دن پر مہمان خصوصی تھیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کتنے گہرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماریشس کا قومی دن 12 مارچ کو آتا ہے جو دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ کا بھی عکاس ہے۔ اس دن مہاتما گاندھی نے ناانصافی اور جبر کے خلاف ڈانڈی ستیہ گرہ شروع کیا تھا۔
مسٹر مودی نے 1998 میں یہاں منعقدہ بین الاقوامی رامائن کانفرنس میں اپنی شرکت کو بھی یاد کیا۔ وہ اس وقت یہاں ایک عام کارکن کی حیثیت سے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق سے نوین جی اس وقت بھی وزیر اعظم تھے۔ جب میں وزیر اعظم بنا تو نوین جی میری حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دہلی آئے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ آج بھی بھگوان رام اور رامائن کے تئیں وہ عقیدہ اور جذبات محسوس کرتے ہیں جو انہوں نے برسوں پہلے ماریشس کے وزیر اعظم میں محسوس کیا تھا۔
وزیر اعظم نے وہاں موجود کمیونٹی کو بتایا کہ ہمارے آباؤ اجداد ہندوستان کے مختلف خطوں سے یہاں لائے گئے تھے۔ جب ہم یہاں کی زبانوں، بولیوں اور کھانوں کے تنوع کو دیکھتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ ماریشس ایک چھوٹا ہندوستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پانچ سو سال کا انتظار ایودھیا میں رام للا کے مندر میں پران پرتیشٹھا تقریب کے ساتھ ختم ہوا۔ اس وقت، ہم نے ماریشس میں بھی اتنا ہی بڑا تہوار دیکھا جیسا کہ ہندوستان میں تھا۔ ماریشس میں اس دن آدھے دن کی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔

Ads