Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیل نے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کی بجلی کی فراہمی منقطع کی

  • 10 Mar 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

یروشلم، 10 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) اسرائیل نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ  حماس پر  قید  کئے گئے  افراد کی رہائی کے لیے  دباؤ ڈالنے کے لئے غزہ  پٹی کی بجلی کی سپلائی بند کر رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر توانائی ایلی کوہن نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’’میں نے ابھی ابھی  غزہ کو بجلی کی فراہمی فوری طور پر بند کرنے کے حکم پر دستخط کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قدم کا مقصد حماس پر دباؤ ڈالنا تھا کہ وہ غزہ میں اب تک یرغمال بنائے گئے افراد کو رہا کرے۔
اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 59 یرغمالی ابھی بھی حماس کی تحویل میں ہیں جن میں سے تقریباً 24 کے زندہ ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
مسٹر کوہن نے کہا کہ ’’ہم تمام یرغمالیوں کی واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کریں گے اور اس بات کی ضمانت دیں گے کہ حماس (جنگ) کے اگلے دن غزہ میں نہیں رہے گا۔‘‘
وزیر توانائی نے عوامی سطح پر جاری کردہ ایک خط میں سرکاری ملکیت والی اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ غزہ کو بجلی کی فروخت بند کرے۔ ان کے ترجمان نے کہا کہ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 2 مارچ کو ہونے والی جنگ بندی کا پہلا 42 روزہ مرحلہ ختم ہونے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کے لیے امدادی سامان بشمول خوراک کی ترسیل روک دی ہے۔
حماس کے افسر ان  تین مرحلوں کی جنگ بندی کے نفاذ پر نظر رکھنے کے لیے مصری اور امریکی افسران کے ساتھ  بات چیت کر رہے ہیں، جب کہ ایک اسرائیلی وفد کی پیر کو دوحہ کے لیے روانہ ہونے کی توقع ہے۔

Ads