Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان نے کیلیفورنیا میں ہندو مندر کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی

  • 09 Mar 2025
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

نئی دہلی، 9 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان نے امریکہ کے کیلیفورنیا میں ایک ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی سخت مذمت کی ہے اور امریکی انتظامیہ سے مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے اور عبادت گاہوں کی حفاظت کی اپیل  کی ہے۔

اس واقعے کے بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے، وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا ’’ہم نے کیلیفورنیا کے چینو ہلز میں ایک ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی خبریں دیکھی ہیں۔ ہم اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم مقامی قانون نافذ کرنے والے افسران سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کارروائیوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عبادت گاہوں کی مناسب حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔‘‘
ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا میں ہندوؤں کے سب سے بڑے مندروں میں سے ایک شری سوامی نارائن مندر کو ہفتہ کی رات نشانہ بنایا گیا جس کی دیواروں پر ہند مخالف نعرے تحریر تھے۔
اس واقعے کے بعد، مندر کا انتظام کرنے والے بی اے پی ایس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’ اس بار چینو ہلز، کیلیفورنیا میں  ایک اور مندر کی بے حرمتی کے خلاف ہندو برادری نفرت کے خلاف مضبوطی سے کھڑی ہے۔ چینو ہلز اور جنوبی کیلیفورنیا کی کمیونٹی کے ساتھ مل کر، ہم نفرت کو کبھی جڑ پکڑنے نہیں دیں گے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ہماری مشترکہ انسانیت اور عقیدہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ امن اور ہم آہنگی قائم رہے۔

Ads