Masarrat
Masarrat Urdu

میر تقی میر کی تاریخ سے روبرو ہونے کا شاندارموقع،انٹرنیشنل نورمائکرو فلم سینٹرکاپروگرام 11 جنوری کو

  • 08 Jan 2025
  • مسرت ڈیسک
  • ادب
Thumb

نئی دہلی، 8 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) تاریخی اور ادبی آثار کو مختلف طریقوں سے محفوظ کرنے میں مصروف انٹرنیشنل نورمائکرو فلم سینٹر،ایران کلچرہاوس نئی دہلی نے اب خدائے سخن میرتقی میرکی شخصیت اوران کے آثارکوزندہ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

اس سلسلے میں ادباء، طلباءاور دانشوروں کو میرتقی میرکی تاریخ سے روبروکرانے کے لئے عظیم الشان پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں خدائے سخن کے فارسی اور اردو مخطوطات کی نمائش کا جشن منایا جائے گا۔
نور مائکرو فلم سینٹر نے بتایا کہ انجمن ترقی اردو(ہند) نئی دہلی اورانٹرنیشنل نور مائکرو فلم سینٹر کے اشتراک سے اردوگھر میں 11 جنوری کوشام 6 بجے میرتقی میر کے فارسی اور اردو مخطوطات کی نمائش کا جشن منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر ہندوستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الہٰی کے ہاتھوں پروگرام کاافتتاح اوراردوادب کے میرتقی میر نمبر پر خصوصی شمارے کا اجراءعمل میں آئے گا۔ پروگرام کی صدارت پروفیسرصدیقی الرحمن قدوائی کریں گے جبکہ مہمان معظم کے طور پرایران کلچرہاوس کے کلچرل کونسلرڈاکٹر فرید الدین فریدعصر اورمہمان ذی وقارکی حیثیت سے سابق مرکزی وزیرسلمان خورشید شرکت کریں گے۔
علاوہ ازیں کلیدی خطبہ پروفیسر شریف حسین قاسمی پیش کریں گے۔ باقر مہدی کی نظامت میں ہونے والے پروگرام میں پروفیسراخترالواسع، عبدالودود ساجد اور پروفیسر اخلاق آہن مہمانان دانشمند کے طور پر موجود رہیں گے۔ اس سلسلے میں انجمن ترقی اردو(ہند) کے جنرل سیکریٹری اطہرفاروقی اورانٹرنیشنل نورمائکروفلم سینٹرکی جانب سے تمام اردو دوست شائقین سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

Ads