Masarrat
Masarrat Urdu

مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی کا انتقال ملتِ اسلامیہ کا عظیم نقصان: سوشل کیئر ٹرسٹ

Thumb

نئی دہلی،8 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کے مہتمم، معروف عالم دین، عربی زبان و ادب کے ممتاز ادیب، مصنف اور صحافی مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی کے انتقال پر سوشل کیئر ٹرسٹ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملتِ اسلامیہ اور علمی و فکری دنیا کے لیے بڑا خسارہ قرار دیا ہے۔

مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی طویل عرصے سے علیل اور صاحبِ فراش تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سے علمی، دینی اور ادبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

سوشل کیئر ٹرسٹ کے صدر اور سینئر صحافی مفیض الرحمن نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ’’عالم کی موت ایک عالم کی موت ہوتی ہے۔ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی کے انتقال سے ایک علمی و فکری عہد کا خاتمہ ہوا ہے۔ ان کی پوری زندگی علم، دین، ادب، تدریس اور طلبہ کی تربیت کے لیے وقف رہی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ مولانا کی وفات سے ملتِ اسلامیہ نے ایک ایسی علمی شخصیت کھو دی ہے جس نے اپنی زندگی علم و ادب اور دینی خدمات کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ عربی زبان و ادب میں انہیں نمایاں مقام حاصل تھا اور انہوں نے تدریس، تصنیف، تحقیق اور صحافت کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔

مفیض الرحمن نے کہا کہ معروف عربی مجلہ ’’البعث الاسلامی‘‘ سے مولانا کی طویل وابستگی رہی اور انہوں نے اس کے چیف ایڈیٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ ان کی علمی زندگی کا بڑا حصہ طلبہ کی تعلیم و تربیت اور عربی زبان و ادب کے فروغ میں گزرا۔

ٹرسٹ کے نائب صدر عبدالحفیظ نے مولانا کے انتقال کو ملتِ اسلامیہ کا عظیم خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مولانا نے جامعہ مفتاح العلوم، مئو سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ سے عربی ادب میں تخصص کیا۔ وہ مفکرِ اسلام مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندویؒ کی علمی و فکری تربیت سے بھی مستفید ہوئے۔ عربی زبان و ادب میں مزید علمی استفادے کے لیے انہوں نے بغداد کا سفر کیا اور معروف عالم و ادیب ڈاکٹر تقی الدین ہلالی مراکشی سے بھی استفادہ کیا۔

سوشل کیئر ٹرسٹ کے رکن اور سینئر اسپورٹس صحافی التجا عثمانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب ملت کو علمی و فکری رہنمائی کی شدید ضرورت ہے، ایسے وقت میں مولانا سعید الرحمن ندوی جیسی رہنما شخصیت کا دنیا سے رخصت ہونا بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا نے ندوۃ العلماء میں تدریس کے ساتھ عربی صحافت کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں اور ’’البعث الاسلامی‘‘ اور پندرہ روزہ عربی رسالہ ’’الرائد‘‘ سے ان کی گہری وابستگی رہی۔ انہوں نے طلبہ کی علمی، فکری اور اخلاقی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ٹرسٹ کے سینئر رکن اور نیوز 18 اردو کے اینکر وصال اعظمی نے کہا کہ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی نے ندوۃ العلماء میں مختلف اہم علمی و انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ کلیۃ اللغۃ العربیۃ وآدابہا کے عمید رہے، عالمی رابطہ ادب اسلامی کے تاسیسی اراکین میں شامل رہے اور طویل عرصے تک ندوۃ العلماء کی جامع مسجد کے امام و خطیب بھی رہے۔ وہ انٹیگرل یونیورسٹی کے بانی اراکین میں شامل تھے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن بھی رہے۔

سوشل کیئر ٹرسٹ کے سینئر رکن اور دوردرشن کے سینئر صحافی ڈاکٹر محمد شمیم اختر نے مولانا کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و ادبی خدمات ہندوستان تک محدود نہیں تھیں۔ انہوں نے مختلف ممالک کے دعوتی اور علمی اسفار کیے اور عربی زبان و ادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

ٹرسٹ کے رکن اور تاجر حافظ عتیق الرحمن اعظمی نے کہا کہ مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی کا انتقال ملک و ملت کے لیے بڑا نقصان ہے۔ وہ درجنوں اردو اور عربی کتابوں کے مصنف تھے۔ ان کی اہم تصانیف میں ’’اسلام اور مغرب‘‘، ’’اسوۂ حسنہ کے آئینے میں‘‘، ’’اسلامی ثقافت اور ندوۃ العلماء‘‘، ’’مکاتیب مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی‘‘ اور ’’اسلامی معاشرہ اور اس کی تعمیری بنیادیں‘‘ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا کی شخصیت علمی وقار، سادگی، تواضع، شفقت اور اخلاص کا حسین امتزاج تھی۔ ملک و بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں علماء، طلبہ، اساتذہ اور علمی شخصیات نے ان سے استفادہ کیا۔ ان کی تدریسی، تصنیفی اور صحافتی خدمات عربی زبان و ادب اور اسلامی فکر کے میدان میں ایک قیمتی علمی سرمایہ ہیں۔

آخر میں سوشل کیئر ٹرسٹ کے صدر مفیض الرحمن نے مولانا کے اہلِ خانہ، متعلقین، شاگردوں اور ندوۃ العلماء کے ذمہ داران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندویؒ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

Ads