Masarrat
Masarrat Urdu

معروف جدید شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کے انتقال پر تعزیتی نشست کا انعقاد

  • 05 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • ادب
Thumb

نئی دہلی، 5 جون (مسرت ڈاٹ کام) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں آج معروف جدید شاعر و ناقد ڈاکٹر بشیر بدر کے انتقال پر تعزیتی نشست کا انعقادکیا گیا۔ جاری ریلیز کے مطابق اس موقع پر ادارے کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر بشیر بدر ایک مایہ ناز شاعر تھے ان کی شاعری جدید معاشرے کی خوبصورت ترجمانی کرتی ہے۔ انسانوں سے ہمدردی، محبت اور زندگی کے گہرے مسائل ان کی شاعری کا امتیازی وصف ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر بشیر بدر طویل علالت کے بعد 28مئی 2026کو بھوپال میں انتقال کر گئے۔ اس وقت ان کی عمر 91 برس تھی۔ بشیر بدر نے زندگی کا ایک طویل حصہ شعرو ادب کی خدمت میں وقف کیا۔ مشاعروں میں ان کی شرکت کامیابی کی ضمانت ہوا کرتی تھی۔ ان کے متعدد اشعار ایسے ہیں جو ہر خاص و عام کی زبان پر محاورہ کی طرح ازبر ہیں۔ ان کے شعری مجموعوں میں اکائی، آس، امید، امیج وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ ''بیسویں صدی میں اردو غزل'' اور ''آزادی کے بعد کی غزل کا تنقیدی مطالعہ" جیسی کتابیں ان کی تنقیدی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بشیر بدر کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ہندوستان کے اہم شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ اور دیگر کئی اعزازات سے بھی انھیں سرفراز کیا گیا ہے۔ ایسے مقبول شاعر کا رخصت ہونا یقیناً قابل افسوس ہے۔ امید ہے نئی نسل بشیر بدر کی کاوشوں سے مستفید ہوتی رہے گی۔

 

 

Ads