بارش قدرت کا وہ عظیم عطیہ ہے جس کے بغیر زمین پر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔ انسانی تہذیبوں کا ارتقا، زراعت کی ترقی، دریاؤں کا بہاؤ، جنگلات کی بقا اور قدرتی ماحولیاتی نظام کا توازن بڑی حد تک بارش کے معمول پر منحصر ہے۔ لیکن موسمیاتی تبدیلی نے بارش کے اس قدرتی نظام کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔ اب مسئلہ صرف یہ نہیں کہ کسی خطے میں بارش کتنی ہوتی ہے، بلکہ یہ بھی ہے کہ بارش کب، کتنی دیر اور کس شدت سے ہوتی ہے۔ دنیا کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشوں کے دورانیے میں کمی اور ان کی شدت میں اضافے کے رجحان نے ماہرین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ اس تبدیلی کے اثرات سیلاب، خشک سالی، زرعی پیداوار، آبی تحفظ اور انسانی آبادیوں کی سلامتی تک پھیل سکتے ہیں۔
حالیہ سائنسی تحقیق نے اس بدلتے ہوئے رجحان کی ایک اہم جہت کو اجاگر کیا ہے۔ چین کی بیجنگ نارمل یونیورسٹی کے محققین چی یوان میاؤ اور ان کے ساتھیوں نے 1980 سے 2022 کے درمیان دنیا بھر میں قائم 19 ہزار سے زائد بارش ماپنے والے مراکز کے روزانہ کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔ تحقیق کے مطابق دنیا کی سالانہ بارش کا تقریباً نصف حصہ چند انتہائی موسلادھار بارش کے دوران ہوتا ہے۔ اوسطاً تقریباً نو ایسے شدید بارش کے سلسلے عالمی سالانہ بارش کا نصف فراہم کرتے ہیں، جن کا مجموعی دورانیہ تقریباً 28 دن بنتا ہے۔
تحقیق کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ 1980 کے بعد شدید بارشوں کے ایک اوسط واقعے کا دورانیہ ہر دہائی میں تقریباً 86 منٹ کم ہوا ہے۔ نتیجتاً سالانہ بارش کا نصف حصہ فراہم کرنے والے ان موسلادھار بارش کا مجموعی دورانیہ بھی تقریباً ساڑھے نو گھنٹے کم ہوگیا ہے۔ دوسرے الفاظ میں بارش کی ایک بڑی مقدار اب نسبتاً کم وقت میں برس رہی ہے۔ یہ تبدیلی بظاہر معمولی محسوس ہوسکتی ہے، لیکن قدرتی آبی نظام اور انسانی آبادیوں پر اس کے اثرات غیر معمولی ہوسکتے ہیں۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے ’ارتھز فیوچر‘ میں شائع ہوئی ہے۔
جب کسی علاقے میں معمول سے زیادہ بارش مختصر وقت میں ہوتی ہے تو زمین کے لیے اس پانی کو جذب کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ شہری علاقوں میں کنکریٹ کی سڑکیں، عمارتیں اور پختہ سطحیں پانی کو زمین میں جذب ہونے سے روکتی ہیں۔ نتیجتاً بارش کا بڑا حصہ سطح پر بہنے لگتا ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی پیدا ہوسکتی ہے۔ اسی صورت حال سے شہری سیلاب اور اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ بڑھتا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں یہ خطرہ مزید سنگین ہوجاتا ہے۔ وہاں شدید بارش ڈھلوانوں پر مٹی کے کٹاؤ، چٹانوں کے کھسکنے، زمین دھنسنے اور مٹی کے تودے گرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر بارش کسی گلیشیائی جھیل یا برفانی خطے کے قریب ہو تو پہلے سے موجود خطرات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ پہاڑی دریاؤں اور ندیوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے آبادیوں، سڑکوں، پلوں اور بجلی کے منصوبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دنیا کے مختلف خطوں میں شہری سیلاب کے بڑھتے واقعات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ صرف پانی کے نکاسی کے نظام کی موجودگی کافی نہیں۔ شہروں کی منصوبہ بندی، زمین کے قدرتی آبی راستوں کا تحفظ، نالوں کی صفائی اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے انتظامات بھی ضروری ہیں۔ اگر شہر پھیلتے رہیں اور قدرتی آبی گزرگاہوں پر تعمیرات ہوتی رہیں تو مختصر دورانیے کی شدید بارش بھی بڑے بحران میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
بظاہر یہ ایک تضاد محسوس ہوتا ہے کہ ایک طرف موسلادھار بارشوں میں اضافہ ہورہا ہے اور دوسری طرف خشک سالی کا خطرہ بھی سنگین ہوتا جائے۔ لیکن دونوں صورتیں ایک دوسرے سے متصادم نہیں ہیں۔ بارش کی مجموعی مقدار کے بجائے اس کی تقسیم اور وقفوں میں تبدیلی اس تضاد کی بنیادی وجہ ہے۔
اگر کسی خطے میں چند دنوں کے دوران بہت زیادہ بارش ہوجائے اور اس کے بعد طویل عرصے تک بارش نہ ہو تو سالانہ بارش کا اوسط بظاہر مناسب رہ سکتا ہے، لیکن زمین، فصلوں اور آبی ذخائر کو مسلسل پانی دستیاب نہیں ہوتا۔ شدید بارش کا بڑا حصہ تیزی سے بہہ کر دریاؤں یا سمندر تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ اس کا محدود حصہ ہی زیرِ زمین پانی کو دوبارہ بھرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس طرح بارش کی مقدار زیادہ ہونے کے باوجود زیرِ زمین آبی ذخائر کی سطح میں مطلوبہ اضافہ نہیں ہوپاتا۔
یہ صورت حال زراعت کے لیے خصوصی طور پر تشویش ناک ہے۔ فصلوں کو صرف زیادہ پانی نہیں بلکہ مناسب وقت پر مناسب مقدار میں پانی درکار ہوتا ہے۔ بوائی، پودوں کی نشوونما اور فصل پکنے کے مراحل میں بارش کی بے قاعدگی پیداوار کو متاثر کرسکتی ہے۔ اگر فصل کی ابتدائی نشوونما کے دوران پانی کی کمی ہو اور بعد میں اچانک شدید بارش ہوجائے تو کسان کو دوہرا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔ شدید بارش سے کھڑی فصلیں گر سکتی ہیں، مٹی کے غذائی اجزا بہہ سکتے ہیں اور کھیتوں میں پانی جمع ہونے سے فصلوں کی جڑیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
بارش کے قدرتی نظام میں تبدیلی کا ایک اہم نتیجہ مٹی کی زرخیزی پر مرتب ہوتا ہے۔ شدید بارش زمین کی اوپری زرخیز تہہ کو بہا لے جاتی ہے۔ اسی تہہ میں پودوں کی نشوونما کے لیے ضروری نامیاتی مادے اور غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔ مسلسل مٹی کے کٹاؤ سے زرعی زمین کی پیداواری صلاحیت کم ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب بارش کے طویل وقفے زمین میں نمی کی کمی پیدا کرتے ہیں، جس سے فصلوں کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔
اس کے اثرات صرف کسانوں تک محدود نہیں رہتے۔ زرعی پیداوار میں کمی غذائی اجناس کی دستیابی، قیمتوں اور دیہی معیشت کو متاثر کرسکتی ہے۔ چھوٹے اور متوسط کسانوں کے لیے شدید بارش اور خشک سالی کے درمیان بار بار بدلتی ہوئی صورت حال کا مقابلہ کرنا زیادہ مشکل ہوتا ہے، کیونکہ ان کے پاس فصلوں کے نقصان سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل اور جدید تکنیکی سہولتیں محدود ہوتی ہیں۔
اس لیے موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں زرعی پالیسی کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ پانی کم استعمال کرنے والی فصلوں، موسمی حالات کے مطابق بیجوں، ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی، کھیتوں میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور مٹی کی نمی برقرار رکھنے کے طریقوں کو فروغ دینا ہوگا۔ کسانوں کو بروقت موسمی پیش گوئی اور مقامی سطح پر بارش کے امکانات سے آگاہ کرنا بھی ضروری ہے۔
بارش کا پانی قدرتی آبی ذخائر، دریاؤں، جھیلوں اور زیرِ زمین پانی کے نظام کو زندہ رکھتا ہے۔ لیکن جب بارش مختصر وقت میں شدید صورت اختیار کرتی ہے تو پانی کو محفوظ کرنے کے روایتی طریقے ناکافی ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس لیے ہر علاقے میں مقامی جغرافیائی حالات کے مطابق بارش کے پانی کو جمع کرنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے منصوبے تیار کرنے چاہئیں۔
تالابوں، جھیلوں، آبی گزرگاہوں اور قدرتی دلدلی علاقوں کا تحفظ اس سلسلے میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ علاقے بارش کے اضافی پانی کو جذب کرنے، سیلاب کی شدت کم کرنے اور زیرِ زمین پانی کے اضافے میں مدد دیتے ہیں۔ اسی طرح جنگلات بارش کے پانی کو زمین میں جذب کرنے اور مٹی کے کٹاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جنگلات کی کٹائی اور غیر منصوبہ بند تعمیرات قدرتی نظام کی اس صلاحیت کو کمزور کردیتی ہیں۔
مذکورہ تحقیق کے مطابق شدید بارشوں کے دورانیے میں کمی کا رجحان تمام براعظموں میں دیکھا گیا ہے، تاہم اس کی رفتار ہر خطے میں یکساں نہیں۔ یورپ اور جنوبی امریکہ میں بارشوں کے دورانیے کے سکڑنے کی شرح زیادہ نمایاں رہی ہے۔ بعض علاقوں میں شدید ترین بارشوں کے دورانیے میں ہر دہائی میں 144 منٹ تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس فرق کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ ہر خطے کی جغرافیائی اور ماحولیاتی صورت حال مختلف ہوتی ہے۔ کسی ساحلی علاقے میں شدید بارش کا نتیجہ شہری سیلاب اور سمندری طوفانوں سے متعلق خطرات میں اضافے کی صورت میں سامنے آسکتا ہے، جبکہ خشک خطے میں یہی تبدیلی طویل خشک وقفوں اور پانی کی قلت کو سنگین بنا سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے اور دریاؤں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ہندوستان جیسے ملک کے لیے بارشوں کے بدلتے ہوئے انداز کو سمجھنا خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہاں زراعت، معیشت اور کروڑوں لوگوں کی روزمرہ زندگی کا انحصار مون سون پر ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی مقدار اور تقسیم میں نمایاں علاقائی فرق پایا جاتا ہے۔ کہیں شدید بارش سے سیلاب آتے ہیں تو کہیں معمول سے کم یا بے وقت بارش خشک سالی اور فصلوں کے نقصان کا سبب بنتی ہے۔
شہری علاقوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، ناقص پانی کے نکاسی کے نظام،، جھیلوں اور نالوں پر تجاوزات اور غیر منصوبہ بند تعمیرات بارش کے اثرات کو مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔ دیہی علاقوں میں بارش کے پانی کا تحفظ، چھوٹے آبی ذخائر کی تعمیر اور زیرِ زمین پانی کی سطح برقرار رکھنا اہم چیلنج ہیں۔ حکومتوں کو چاہیے کہ موسمیاتی معلومات کو ضلعی اور مقامی منصوبہ بندی کا حصہ بنائیں اور ایسے نظام تیار کریں جو شدید بارش کی صورت میں بروقت انتباہ فراہم کرسکیں۔
بارشوں کے بدلتے ہوئے انداز سے نمٹنے کے لیے صرف قدرتی آفات کے بعد امدادی کارروائیاں کافی نہیں ہوں گی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ خطرات کی پیشگی شناخت، سائنسی نگرانی اور طویل مدتی منصوبہ بندی کو ترجیح دی جائے۔ جدید موسمیاتی سیٹلائٹ، بارش ماپنے والے مراکز، ریڈار اور ڈیٹا کے تجزیے کے ذریعے شدید بارش کے امکانات کا بہتر اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اس معلومات کو مقامی انتظامیہ، کسانوں اور عام شہریوں تک قابلِ فہم انداز میں پہنچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ شہروں میں قدرتی آبی گزرگاہوں کی بحالی، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے منصوبوں، جنگلات کے تحفظ اور ماحول دوست تعمیرات کو فروغ دینا ہوگا۔ آبی وسائل کے انتظام میں ریاستوں اور ممالک کے درمیان تعاون بھی اہم ہے، کیونکہ دریاؤں اور موسمیاتی نظام کی حدود انتظامی سرحدوں تک محدود نہیں ہوتیں۔
دنیا کی شدید ترین بارشوں کے دورانیے میں کمی محض ایک سائنسی مشاہدہ نہیں بلکہ مستقبل کے لیے ایک اہم انتباہ ہے۔ اگر بارش کا بڑا حصہ مختصر وقت میں برسنے لگے تو ایک ہی خطہ بیک وقت سیلاب اور خشک سالی کے خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے۔ اس تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم بارش کو صرف قدرتی نعمت سمجھ کر اس پر انحصار نہ کریں، بلکہ اس کے بدلتے ہوئے مزاج کو سمجھتے ہوئے پانی کے تحفظ، ماحول کی بحالی اور انسانی آبادیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ موسمیاتی تبدیلی کے دور میں اصل کامیابی زیادہ بارش حاصل کرنے میں نہیں، بلکہ دستیاب پانی کو دانش مندی سے محفوظ رکھنے اور اس کے غیر متوقع اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنے میں ہے۔
٭٭٭

