Masarrat
Masarrat Urdu

عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، وسیم اکرم

Thumb

لاہور، 9 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے سابق کپتان، دوست اور مینٹور کو بہت یاد کرتے ہیں۔

ایک غیر ملکی میڈیا ادارے کو انٹرویو میں وسیم اکرم نے بتایا کہ گزشتہ تین برس سے ان کی عمران خان سے بات نہیں ہوئی، تاہم وہ آج بھی انہیں اپنا دوست اور رہنما سمجھتے ہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ عمران خان کے سیاسی اور قانونی معاملات اپنی جگہ ہیں اور عدالتی عمل جاری رہنا چاہیے، لیکن ان کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق وہ عمران خان کی موجودہ حالت کے بارے میں فکر مند ہیں اور یہ جاننا چاہتے ہیں کہ جیل میں انہیں مناسب طبی سہولیات مل رہی ہیں یا نہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عمران خان کی صحت بہتر ہونے کے بیانات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم دستیاب معلومات کے باعث وہ اب بھی مطمئن نہیں اور سابق ساتھی کی صحت کے حوالے سے تشویش برقرار ہے۔

 

Ads