فلم کے جذباتی پوسٹرز اور ٹیزر پہلے ہی ناظرین میں بے حد دلچسپی پیدا کر چکے تھے، جبکہ اب جاری ہونے والے ٹریلر میں 1947 کی تقسیم کے خوفناک حالات کے درمیان ایک خاندان کی جدوجہد، بچھڑنے اور پھر امید کا دامن تھامے رکھنے کی داستان دکھائی گئی ہے۔
ٹریلر میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح تشدد، خوف اور جبری ہجرت نے لوگوں کی زندگیاں بدل کر رکھ دیں۔ جو لوگ کبھی ایک ساتھ رہتے تھے، وہ حالات کے باعث ایک دوسرے سے جدا ہو گئے۔ اس کے باوجود فلم یہ پیغام دیتی ہے کہ نفرت اور تقسیم کے ماحول میں بھی انسانیت سب سے بڑی طاقت ہوتی ہے۔
فلم میں سنی دیول ایک ایسے شخص کے کردار میں نظر آ رہے ہیں جو سخت ترین حالات میں بھی اپنے اصولوں اور ضمیر پر سمجھوتہ نہیں کرتا۔ شبانہ اعظمی ایک باوقار اور مضبوط ارادوں والی بزرگ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو پوری کہانی کا جذباتی مرکز ہیں۔ پریتی زنٹا ایک ایسی خاتون کے کردار میں ہیں جو بحران کے دور میں اپنے خاندان کو متحد رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔
ٹریلر میں تقسیم ہند کے درد، انسانی جذبات اور شاندار مناظر کا مؤثر امتزاج پیش کیا گیا ہے۔ فلم صرف ایک تاریخی سانحے کی کہانی نہیں بلکہ ان عام لوگوں کی ہمت، حساسیت اور انسان دوستی کی بھی عکاسی کرتی ہے، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی امید کا دامن نہیں چھوڑا۔
فلم میں شبانہ اعظمی، سنی دیول اور پریتی زنٹا کے علاوہ کرن دیول، علی فضل اور ابھمنیو سنگھ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ تقریباً تین دہائیوں بعد ہدایت کار راج کمار سنتوشی اور سنی دیول کی کامیاب جوڑی دوبارہ ایک ساتھ کام کر رہی ہے۔
عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی 'بٹوارہ 1947' کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے، جبکہ گیت جاوید اختر نے لکھے ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر عامر خان اور اپرنا پروہت ہیں۔ یہ فلم 14 اگست 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
