تہران، 14 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) سپاہ پاسداران کے نائب کمانڈر جنرل علی فدوی نے کہا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام کی رینج پر کوئی پابندی قابل قبول نہیں اور ترقی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) کے نائب کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی فدوی نے ایک تقریب کے موقع پر کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کی رینج کو محدود کرنے کے بارے میں دشمن کے دعوے بچگانہ ہیں جن میں تکنیکی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ایران کے میزائل رینج کا فریم ورک امام خمینیؒ نے متعین کیا تھا اور اس کا پاسدارانِ انقلاب کی صلاحیتوں کو محدود کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
جنرل فدوی نے کہا پاسدارانِ انقلاب ایک متحرک اور جدید ادارہ ہے جو ترقی کے راستے پر ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے شہید حسن طہرانی مقدم اور دیگر شہداء کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کی میزائل صنعت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فدوی نے مزید کہا جب خدا دیکھتا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں تو وہ ہمیں فتح عطا کرتا ہے۔
اس سے قبل ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا تھا کہ ایران کا میزائل پروگرام مغرب کا معاملہ نہیں ہے اور اس موضوع کو اٹھانا امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی بالادستی کی پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔
