Masarrat
Masarrat Urdu

حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا صہیونی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، شیخ نعیم قاسم

  • 19 Jul 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 19 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) حزب اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہتھیار مقاومت کے وجود کا حصہ ہے جس کو چھیننے کا صہیونی خواب ادھورا ہی رہ جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت حزب اللہ کے ہتھیار چھیننے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی اور ہم ہر ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کمانڈر علی کرکی کی یاد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کمانڈر علی کرکی حزب اللہ کے بانیوں میں سے تھے اور  سید حسن نصر اللہ کے ہمراہ شہید ہوئے۔

شیخ نعیم قاسم نے لبنان میں مزاحمت کی تاثیر پر سوال اٹھانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے 1982 سے لے کر آج تک بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ درست ہے کہ مزاحمت اسرائیل کی جنگ کو روکنے میں مکمل طور پر کامیاب نہ ہو سکی، لیکن اس نے دشمن کو سرحدی علاقے سے آگے بڑھنے سے روک دیا اور جنگ کو پھیلنے نہیں دیا۔ حزب اللہ نے پچھلے 17 سال سے لبنان کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھا ہے۔

شیخ قاسم نے انکشاف کیا کہ امریکہ اور اسرائیل موجودہ جنگ بندی معاہدے کو اپنے مفادات کے خلاف سمجھتے ہیں اور اسی لیے وہ ایک نیا معاہدہ تجویز کر رہے ہیں جس کا اصل مقصد پورے لبنان میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حزب اللہ کے خلاف اس نئی سازش کو لبنانی قوم کے لیے ایک خطرہ سمجھتے ہیں، اور ہمیں اس کا سامنا کرنا ہوگا۔ اگر ہم نے ہتھیار ڈال دیے تو دشمن پورے ملک پر قبضہ کرلے گا۔

آخر میں انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اسرائیل کبھی بھی ہمارے ہتھیار نہیں چھین سکتا۔ اگر وہ جارحیت کرے تو ہم پوری قوت سے دفاع کریں گے۔ جب تک ہم زندہ ہیں، اسرائیل اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکے گا۔

Ads