Masarrat
Masarrat Urdu

ایکسیوم-4 مشن ملک کے ترقی یافتہ ملک بننے کی طرف گامزن ہونے کا اشارہ: جتیندر سنگھ

Thumb

نئی دہلی 25 جون (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایکسیوم 4 مشن کی کامیاب لانچنگ کو ایک تاریخی اور قابل فخر لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے ترقی یافتہ قوم بننے کے سفر میں ایک بڑی چھلانگ ہے۔

ڈاکٹر سنگھ نے بدھ کو یہاں انوسندھان بھون کے بھٹناگر آڈیٹوریم میں لانچنگ پروگرام کی خصوصی لائیو اسکریننگ کے دوران مشن پر گئے ہندوستانی خلاباز گروپ کیپٹن شوبھانشو شکلا اور دیگر تین خلابازوں کو نیک تمنائیں دیں۔
انہوں نے کہا، "یہ ہندوستان کے لیے ایک تاریخی اور قابل فخر لمحہ ہے، ایکسیوم-4 مشن کا آغاز ملک کے ترقی یافتہ ہندوستان بننے کے سفر میں ایک بڑی چھلانگ ہے۔"
              گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا مشن پائلٹ کے طور پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن جانے والی چار رکنی بین الاقوامی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا، "یہ ہندوستان کے خلائی پروگرام کے بانی ڈاکٹر وکرم سارا بھائی اور ستیش دھون کے خواب کی تعبیر ہے، جو اب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں پورا ہو رہا ہے۔"
مرکزی وزیر نے اس کامیابی کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی جرات مندانہ اصلاحات سے منسوب کیا، جس نے ہندوستان کو خلائی تحقیق میں ایک برابر اور قابل احترام عالمی شراکت دار کے طور پر پہچان دلائی ہے۔
اس مشن میں ہندوستان کے تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ گروپ کیپٹن شکلا مقامی طور پر تیار کردہ تجرباتی کٹس لے کر جا رہے ہیں جنہیں ہندوستان کے معروف ٹیکنالوجی اداروں نے بنایا ہے۔

Ads