Masarrat
Masarrat Urdu

سندھو آسان جیت کے ساتھ سید مودی چمپئن شپ کے فائنل میں

Thumb

لکھنؤ، 30 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان کی اسٹار شٹلر اور دو بار کی اولمپک تمغہ یافتہ  پی وی سندھو نے ہفتہ کو سید مودی انڈیا انٹرنیشنل ایچ ایس بی سی ورلڈ ٹور سپر 300 بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2024 کے ویمنس سنگلز سیمی فائنل میں ہم وطن اننتی ہڈا کے خلاف  21-12، 21-9کی آسان جیت درج کر کے مقابلے کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔

بی بی ڈی اسپورٹس اکیڈمی کے بیڈمنٹن کورٹ نمبر ایک پر کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں ہریانہ کی 17 سالہ کھلاڑی نے ابتدائی راؤنڈ میں تجربہ کار سندھو کو ٹکر دینے کی کوشش کی تاہم سندھو نے جلد ہی گیئر تبدیل کرتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔  سندھو نے نوجوان کھلاڑی کو شاندار اسمیش اور ڈراپس کے ساتھ کورٹ پر خوب  دوڑایا اور پہلا گیم 21-12 سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں ہڈا کے انداز کو محسوس کرتے ہوئے سندھو نے طاقتور اسمیش شاٹس لگائے جس کا کم تجربہ کار کھلاڑی کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اور یہ گیم بھی آسانی سے 21-9 کے اسکور کے ساتھ سندھو کے حق میں چلا گیا۔
میچ کے بعد سندھو نے کہا ’’میں اپنے کھیل میں مسلسل بہتری  کر رہی ہوں۔ کل کے میچ میں چینی حریف کے خلاف جیت سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور میں نے آج کے میچ میں کم غلطیاں کی ہیں۔‘‘
ہڈا کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا “نوجوان کھلاڑی میں کافی ٹیلنٹ ہے۔ وہ  بہت اچھا کھیلیں۔‘‘ انہوں نے پیرس اولمپکس کو ایک تلخ تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کے لیے کچھ کرنے کا نیا دن ہوتا ہے اور انہوں نے پیرس اولمپکس کی مایوسی سے سنبھلنے کے بعد اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کردی ہے۔
اتوار کو خواتین کے سنگلز فائنل میں سندھو کا مقابلہ آج دوپہر ہونے والے سیمی فائنل کی فاتح سے ہوگا۔ یہ میچ تھائی لینڈ کے لالینرت چائیوان اور چین کے وو لو یو کے درمیان ہوگا۔

Ads