Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے آئرلینڈ کو 154 رنز سے شکست دی

Thumb

ڈھاکہ، 27 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) شرمین اختر (96) اور فرغانہ حق (61) کی شاندار بلے بازی کے بعد سلطانہ خاتون (تین وکٹ)، معروفہ اختر اور ناہیدہ اختر (دو دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے  بدھ کو ایک روزہ میچ میں آئرلینڈ کی خواتین ٹیم کو 154 رنز سے شکست دے دی۔

253 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کی شروعات خراب رہی اور 10 کے اسکور پراپنے دو وکٹ گنوادیئے۔ اس کے بعد اورلا پرینڈرگاسٹ اور سارہ فوربس نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ناہیدہ اختر نے اورلا پرینڈرگاسٹ (19) کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ سارہ فوربس (25) ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ لورا ڈیلانی نے (22) رنز بنائے۔ آئرلینڈ کی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ بنگلہ دیشی گیند بازوں کے سامنے آئرلینڈ کی پوری ٹیم 28.5 اوورز میں 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سلطانہ خاتون نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ معروفہ اختر اور ناہیدہ اخترکو دو دو وکٹ ملے۔
اس سے قبل آج یہاں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فرغانہ حق اور مرشدہ خاتون کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 59 رنز جوڑے۔ 19ویں اوور میں لورا ڈیلانی نے مرشدہ خاتون (38) کو آؤٹ کر کے آئرلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شرمین اختر اور فرغانہ حق کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت ہوئی۔ ایمی میگوئیر نے 37ویں اوور میں فرغانہ حق (61) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد کپتان نگار سلطانہ 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ شرمین اختر نے ٹیم کی جانب سے 89 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے (96) رنز کی اننگ کھیلی۔ ان دونوں بلے بازوں کو فرییا سارجنٹ نے آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں پر 252 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی جانب سے فرییا سارجنٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ لورا ڈیلانی اور ایمی میگوئیر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Ads