Masarrat
Masarrat Urdu

مودی نے سی آر وائی این کا سنگ بنیاد رکھا

Thumb

رائے پور، 29 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو قومی یوم آیوروید کے موقع پر ورچوئل میڈیم کے ذریعے رائے پور میں بننے والے 100 بستروں پر مشتمل سنٹرل یوگا اینڈ نیچروپیتھی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی آر وائی این) کا سنگ بنیاد رکھا۔

مسٹرمودی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، نئی دہلی سے ورچوئل میڈیم کے ذریعے رائے پور سے جڑے تھے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ملک کے لوگ جتنے صحت مند ہوں گے، ملک کی ترقی اتنی ہی تیزی سے ہوگی۔ دنیا بھر سے لوگ یوگا اور پنچکرما کے لیے ہندوستان آتے ہیں اور آنے والے وقتوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند صحت کے شعبے میں حساسیت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
سینٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یوگا اینڈ نیچروپیتھی، رائے پور کو سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان یوگا اینڈ نیچروپیتھی (سی سی آروائی این) کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔ اس انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر 24 ماہ میں 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگی۔ ریاستی حکومت نے اس ادارے کے لیے محکمہ کو 10 ایکڑ زمین فراہم کی ہے۔
یہ چھتیس گڑھ کا پہلا یوگا اور نیچروپیتھی ریسرچ سنٹر اور اسپتال ہوگا جو غیر متعدی بیماریوں جیسے موٹاپا، پری ذیابیطس، میٹابولک سنڈروم اور گٹھیا وغیرہ کے علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔
ریسرچ سینٹر میں آؤٹ پیشنٹ اور ایڈمنسٹریٹو بلاکس، انٹرنل پیشنٹ بلاکس، اسٹاف کوارٹرز، یوگا ہال، ڈائیٹ سینٹر، مساج اور فزیوتھراپی سیکشنز کے ساتھ ہی ریسرچ بلاکس بھی قائم ہوں گے۔ یہ مرکز سپا اورویلنیس تھراپی میں ٹریننگ سرٹیفیکیشن کورس اور تحقیق میں فیلوشپ کورسز کا انعقاد کرے گا۔
سینٹر میں ویلنیس تھراپی میں ٹریننگ سرٹیفیکیشن کورسز اور تحقیق میں فیلوشپ کورسز بھی منعقد ہوگا۔ اس انسٹی ٹیوٹ کے شروع ہونے سے یوگا اور نیچروپیتھی کے اثرات کے بارے میں نئے علم کی ترقی ہوگی۔
اس موقع پر وزیر صحت شیام بہاری جیسوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اپنے پرانے طریقوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دھنتیرس کے موقع پروزیر اعظم نے  ریاست کو سنٹرل یوگا اینڈ نیچروپیتھی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے طورپر جو تحفہ دیا ہے اسے ہم اور ہماری آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تحقیقی مرکز کے قیام کے بعد ریاست کے نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ نوجوان یہاں سے ٹریننگ حاصل کر کے قابل بنیں گے اور خود روزگار کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اور آیوروید میں ہندوستان ہمیشہ سے آگے رہا ہے اور ایسے تحقیقی مراکز کے کھلنے سے اس روایت کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی چھتیس گڑھ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ریاست میں صحت کی سہولیات کی توسیع وزیراعلیٰ  کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈی ڈی یو آڈیٹوریم، رائے پور میں منعقد پروگرام کے دوران ایم پی برج موہن اگروال، ایم ایل اے پورندر مشرا، ایم ایل اے خوشونت صاحب، ایم ایل اے موتی لال ساہو، آیوش محکمہ کے افسران اور آیوروید کالج کے طلباء موجود تھے۔

Ads