پینٹاگون کے ترجمان پیٹ رائیڈر نے تحریری بیان میں بتایا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اواخر ہفتہ مشرق وسطی کی صورتحال کا قریبی جائزہ لیا ہے ۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ آسٹن اور ان کی ٹیم خطے میں امریکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اسرائیلی کی جارحانہ سرگرمیوں کو رکوانےکےلیے سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔
پینٹاگون کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں قابل ذکر تعداد میں ہماری فوج متعین ہے جو کہ دفاعی اعتبار سے ہر مشکل اور کٹھن وقت میں اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کے لیے تیار ہے ،آئندہ چند دنوں میں ہم اپنی فضائی طاقت کی قابلیتوں کو بھی بڑھائیں گے۔
بیروت پر 27 ستمبر کو ہوئے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ لیڈر حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے بعد بیروت کے امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی تلقین کرتے ہوئے ایک ہنگامی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔