Masarrat
Masarrat Urdu

معیاری مواد اور اس کی پیشکش قومی اردو کونسل کی ترجیحات میں شامل: ڈاکٹر شمس اقبال

  • 30 Sep 2024
  • مسرت ڈیسک
  • ادب
Thumb

نئی  دہلی ، 30 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام)   دی فیڈریشن آف انڈین پبلشرز کی طرف سے  قومی اردو کونسل کو بک پروڈکشن میں ماہنامہ ‘اردو دنیا’ کے لیے ایکسی لینس  ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا ہے۔ یہ اطلاع آج یہاں جاری ایک ریلیز میں دی گئی  ہے۔

ریلیز کے مطابق دی فیڈریشن آف انڈین پبلشرز تقریباً 9 زمروں  میں ہر سال قومی سطح  کا ایکسی لینس ایوارڈ دیتی ہے۔ اس بار جرنلس اینڈ  ہاؤس میگزین زمرے میں قومی اردو کونسل کے ماہنامہ ‘اردو دنیا’ کو  دوم  انعام سے نوازا گیا ہے۔ اول انعام سنسکرت کے سمسکریتا پرتیبھا کو دیا گیا  جو ساہتیہ اکادمی دہلی سے شائع ہوتا ہے اور سوم انعام گجراتی کے ماہنامہ  ‘یوجنا’ کو دیا گیا جو پبلی کیشنز ڈویژن نئی دہلی سے شائع ہوتا ہے۔ یہ  ایوارڈ دی فیڈریشن آف انڈین پبلشرز کے چوالیسویں تقسیم انعامات کے موقعے  پر دیا گیا۔
قومی اردو کونسل کی طرف سے یہ ایوارڈ پروڈکشن  ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ اجمل سعید نے حاصل کیا۔  قومی اردو کونسل کےڈائرکٹر ڈاکٹر  شمس اقبال نے ایکسی لینس ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  معیاری مواد اور ا س کی پیش کش قومی اردو کونسل کی ترجیحات میں شامل ہے۔  ہماری کوشش ہوگی کہ ہم مواد، تزئین و آرائش اور طباعت و اشاعت ہر سطح پر  بہتر سے بہتر معیار قائم کریں۔ طباعت و اشاعت کے باب میں قومی اردو کونسل  نے اپنی ایک امتیازی شناخت  قائم کی ہے۔ یہاں سے ماہنامہ ‘اردو دنیا’ کے  علاوہ ماہنامہ بچوں کی دنیا، ماہنامہ خواتین دنیا اور ایک سہ ماہی مجلہ فکر  و تحقیق بھی شائع ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ قومی اردو کونسل مختلف علمی، ادبی،  سائنسی، تاریخی، طبی اور دیگر اہم موضوعات پر کتابیں بھی شائع کرتی ہے۔

Ads