Masarrat
Masarrat Urdu

وزیر اعظم مودی نے برونائی کی راجدھانی میں مشہور مسجد کا دورہ کیا

Thumb

دار السلام/نئی دہلی، 03 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی شام برونائی کی راجدھانی میں واقع مشہور سلطان عمر علی سیف الدین مسجد کا دورہ کیا۔

برونائی کے وزیر مذہبی امور استاد حاجی اوانگ بدرالدین نے ان کا استقبال کیا اور مسجد کمپلیکس میں خاموشی سے بیٹھ کر کچھ وقت گزارا۔ مودی کے ساتھ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بھی تھے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا: "وزیر اعظم مودی نے سلطان عمر علی سیف الدین مسجد کا دورہ کیا، جہاں برونائی کے مذہبی امور کے وزیر استاد حاجی اوانگ بدرالدین نے ان کا استقبال کیا۔"
بیان میں کہا گیا ہے کہ برونائی کے وزیر صحت حاجی محمد عصام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم مودی کے استقبال کے لیے ہندوستانی برادری کے لوگوں کا ایک گروپ بھی موجود تھا۔
اس مسجد کا نام عمر علی سیف الدین III کے نام پر رکھا گیا ہے، جو برونائی کے 28ویں سلطان تھے (موجودہ سلطان کے والد، جنہوں نے اس کی تعمیر بھی شروع کی تھی)، اور اس کی تعمیر 1958 میں مکمل ہوئی تھی۔
قبل ازیں وزیراعظم نے برونائی کے دارالحکومت میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے نئے چانسری کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ وہ برونائی کے دو روزہ سرکاری دورے پر آج صبح بندر سیری بیگوان پہنچے۔ بدھ کے روز مسٹر مودی برونائی کے سلطان کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔

Ads