مسٹر مودی نے جو یہاں ایک روزہ دورے پر ہیں، کہا کہ گھریلو اور غیر ملکی سرمایہ کاروں میں جوش و خروش گزشتہ ایک ماہ میں واضح طور پر نظر آرہا ہے اور ان کی حکومت اپنی تیسری میعاد میں تین گنا رفتار سے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام 2047 تک تیز رفتار ترقی اور ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے ترقیاتی ایجنڈے میں پسماندہ افراد کو ترجیح دی جانی چاہئے۔
وزیر اعظم نے ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں رابطے کی سہولیات کو بڑھانے کے لیے 30 ہزار کروڑ روپے کے سڑک اور ریل منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر مہاراشٹر حکومت کی چیف منسٹر یوتھ ورک ٹریننگ اسکیم کا بھی افتتاح کیا۔ 76 ہزار کروڑ روپے کے اس پروجیکٹ کے تحت ہر سال 10 لاکھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو الاؤنسز کے ساتھ تربیت دی جائے گی۔
اس پروگرام میں مہاراشٹر کے گورنر رمیش بیس، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے، مرکزی وزراء پیوش گوئل اور رام داس اٹھاولے، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ "مجھے خوشی ہے کہ مہاراشٹر حکومت نے ہر سال 10 لاکھ نوجوانوں کو کام کی مہارت کی تربیت فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔"
وزیر اعظم نے کہاکہ "این ڈی اے حکومت کا ایجنڈا محروموں کو ترجیح دینا ہے۔" اس تناظر میں انہوں نے غریبوں کے لیے چار کروڑ مکانات اور گلیوں میں دکانداروں کے لیے مدرا لون اسکیم جیسے پروگراموں کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت غریبوں کے لیے مزید تین کروڑ مکانات بنانے جا رہی ہے۔
مسٹر مودی نے جن پروجیکٹوں کا آج ممبئی میں سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا ان میں گورگاؤں-ملوند روڈ پروجیکٹ کا بھومی پوجن اور تھانے-بوریبالی ڈبل ٹنل-روڈ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد شامل ہے۔
یہ مسٹر مودی کا مہاراشٹر کا پہلا دورہ ہے اور لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلا عوامی پروگرام ہے۔ اس سال ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔