مسٹر مودی دوپہرتقریباً 12 بجے وارانسی ڈسٹرکٹ کچہری پہنچے اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر گنشور دت شاستری مسٹر مودی کے ساتھ بطور تجویز کنندہ موجود تھے، جب کہ ایک اور تجویز کنندہ سنجے سونکر اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی نامزدگی کے کمرے میں موجود تھے۔
یہ تیسری بار ہے جب مسٹر مودی نے وارانسی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس سے پہلے وہ 2014 اور 2019 میں بھاری اکثریت سے جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔
نامزدگی سے قبل، مسٹر مودی نے دشاسوامیدھ گھاٹ جا کرماں گنگا کی پوجا ارچنا کی اور کروز کی سواری کی، جس کے بعد انہوں نے کال بھیرو مندر جاکر کاشی کے کوتوال سے نامزدگی کی اجازت مانگی، جس کے بعد وہ کلکٹریٹ کے لئے روانہ ہوئے۔ مسٹرمودی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سڑک کے دونوں طرف لوگوں کی بھیڑ جمع تھی جنہوں نے ہر ہر مودی اور جئے شری رام کے نعرے لگا کر وزیر اعظم کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیر اعظم کے نامزدگی کے مقام پر پہنچنے سے پہلے، بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے علاوہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور بی جے پی و اتحادی جماعتوں کے سرکردہ لیڈروں اور عہدیداروں نے وہاں اپنی موجودگی درج کرائی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی پیر کو اپنے پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورے پر آئے تھے اور کل دیر شام انہوں نے روڈ شو کے ذریعے کاشی کے لوگوں سے جیت کا آشیرواد طلب کیا تھا۔