Masarrat
Masarrat Urdu

مہالکشمی اسکیم غریب خواتین کے لیے ایک وردان ثابت ہوگی: سونیا

Thumb

نئی دہلی، 13 مئی (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس  پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کی خواتین اس وقت آسمان چھوتی مہنگائی کی وجہ سے ایک بڑے بحران سے گزر رہی ہیں اور ایسے وقت میں کانگریس کی مہالکشمی اسکیم ان کے لیے ایک وردان ثابت ہوگی۔

  محترمہ گاندھی نے  خواتین  کے نام پیر  کو یہاں جاری  ایک ویڈیو پیغام میں کہا ’’نمستے میری پیاری بہنوں، جدو جہد آزادی   سے لے کر جدید ہندوستان کی تشکیل تک، خواتین نے بہت بڑا تعاون کیاہے، تاہم، آج ہماری خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید مہنگائی کے درمیان بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ان کی محنت اور تپسیا کے ساتھ انصاف کرنے کے لیے کانگریس نے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس مرکز میں حکومت بناتی ہے تو غریب خاندانوں کی خواتین کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ کانگریس کا ہاتھ غریبوں کے ساتھ ہے اور اس کی پالیسیاں سب کو معاشی طاقت فراہم کریں گی۔‘‘
کانگریس لیڈر نے کہا ’’آج ہماری خواتین شدید مہنگائی کے درمیان بحران کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کی محنت اور تپسیا کے ساتھ انصاف کرنے کے لیے کانگریس نے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ کانگریس کی ’مہالکشمی‘ اسکیم کے تحت ہم غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر سال ایک لاکھ روپے دیں گے۔‘‘
محترمہ  گاندھی نے کہا ’’ہماری گارنٹیوں نے پہلے ہی کرناٹک اور تلنگانہ میں کروڑوں خاندانوں کی زندگی بدل دی ہے۔ منریگا ہو،  حق اطلاعات ہو، تعلیم کا حق ہو یا خوراک کا تحفظ، کانگریس پارٹی نے ہماری اسکیموں کے ذریعے لاکھوں ہندوستانیوں کو طاقت دی ہے۔ مہالکشمی ہمارے کام کو آگے بڑھانے کی تازہ ترین گارنٹی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا ’’اس مشکل وقت میں، میں آپ کو یقین دلانا چاہتی ہوں کہ کانگریس کا ہاتھ آپ کے ساتھ ہے اور یہ ہاتھ آپ کے حالات بدل دے گا۔‘‘

Ads