مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی ریڈیو اور ٹیلی ویژن تنظیم نے اسرائیلی اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل پر ایرانی ڈرون حملہ شروع ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں کئی ڈرون طیارے فضا میں نچلی سطح پر پرواز کرتے ہوئے تصاویر دکھائی گئی ہیں۔
اس حوالے سے عبرانی زبان کی نیوز سائٹ والا اینڈ ایکسیوس نے امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے ایران کی جانب سے مقبوضہ فلسطین پر ڈرون حملے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
صیہونی میڈیا نے بھی حنظلہ ہیکنگ گروپ کی طرف سے صیہونی حکومت کے ریڈاروں کی ہیکنگ کی خبر دی ہے۔
اسلامی جمہوری ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی تنصیبات پر باقاعدہ اور وسیع ڈرون حملے شروع ہوگئے ہیں۔
ایرانی ڈرون حملوں کے پیش نظر فضائی حدود کو صبح سات بجے تک کے لئے بند کردیا ہے۔
صہیونی فوج کے ریڈیو نے کہا ہے کہ ایران کا حملہ صرف ڈرون طیاروں تک محدود نہیں بلکہ کروز میزائل کی شکل میں بھی ہوا۔
دوسری جانب صہیونی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے اس سلسلے میں امریکہ سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے اور کئی فوجی مشیروں کی شہادت کے بدلے میں ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملہ کردیا ہے۔
صہیونی حکام نے مقبوضہ فلسطین میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے لوگوں کی غیر ضروری رفت و آمد پر پابندی عائد کی ہے۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والوں حکم دیا گیا ہے کہ اپنی روانگی ملتوی کریں۔
ذرائع کے مطابق کل بن گوریان ائیرپورٹ کے علاوہ حیفا، نتانیا اور اشدود کی بندرگاہیں بھی بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے حملے کا جواب دینے کے لئے صہیونی آرمی اور فضائیہ مکمل الرٹ ہیں۔ اس حوالے سے امریکہ سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی ڈرون طیاروں کو اسرائیل میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی جائے گی تاہم عوام کو خبردار کرتے ہیں کہ ایرانی حملوں کا سو فیصد دفاع ممکن نہیں ہے۔