مسٹرکھڑگے نے کہا، "مودی کی ضمانت لوگوں کی دولت کی لوٹ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی، آج آپ بینکوں کی بات کر رہے تھے۔ نوٹ بندی سے بینکنگ نظام کو برباد کرنے میں آپ کی حکومت نے مہارت حاصل کی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسی عوام دشمن رہی ہے اور صرف عوام کی کمائی کو اس نے بینکوں کے ذریعے لوٹا ہے۔ مودی سرکار کو کسانوں کی فکر نہیں ہے جب کہ صنعت کاروں کے قرضے معاف کیے جارہے ہیں۔
مسٹرکھڑگے نے کہا، "آپ کی حکومت نے گزشتہ چار برسوں میں بینکوں میں کم از کم بیلنس برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے عوام کی جیب سے 35000 کروڑ روپے لوٹ لئے۔ قابل ذکر ہے کہ 2012 میں کانگریس-یو پی اے حکومت کے دوران ماہانہ اوسط بیلنس چارج ختم کر دیا گیا تھا، جسے 2016 میں مودی حکومت دوبارہ وصول کرنے لگی۔
انہوں نے کہا، "کسانوں کا قرض تو آپ معاف کرتے نہیں، لیکن پچھلے چھ برسوں میں آپ کی حکومت نے بڑے بڑے تاجروں کے 19 لاکھ کروڑ روپے کے قرضے معاف کیے ہیں۔ پچھلے چھ برسوں میں ہی مودی حکومت نے قرض واپس نہ کرنے کا اراداہ رکھنے والے لوگوں کے 3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے قرضے معاف کئے ہیں۔ کیوں؟ 20 فیصد جن دھن اکاؤنٹس غیر فعال پڑے ہیں۔"
کانگریس صدر نے کہا، "مودی صاحب، ملک کی معیشت میں بینکوں کا بڑا حصہ ہوتا ہے اور آپ نے غیر منظم سیکٹر اور ایم ایس ایم ای کو تباہ کرنے کے لیے بینکوں کا استعمال کیا ہے۔ عوام کی محنت کی کمائی کو بینکوں کے ذریعہ لوٹا ہے۔ اس الیکشن میں، بی جے پی کو- عوام معاف نہیں کریں گے۔'