Masarrat
Masarrat Urdu

حکومت دہلی اُردو اور پنجابی زبان کے فروغ پر بھی توجہ دے: یوڈی او

(پریس ریلیز)
نئی دہلی، 25 اکتوبر۔ 
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے ذریعہ طلب کی گئی آرٹی آئی کے جواب میں دہلی کے تقریباً سبھی محکمہ جات نے اردو اور پنجابی کو قانونی طور پر نافذ کرنے اور عوامی مقامات (Public Places) پر اردو اور پنجابی میں سائن بورڈ لگانے کی ذمہ داری سے پلہ جھاڑ لیا ہے۔ البتہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایک کمال یہ ضرور کیا ہے کہ اُس نے صرف پاکستان آنے جانے والے مسافروں کے لیے قائم امبیڈکر ٹرمنل (نئی دہلی) پر اردو اور پنجابی زبان کے سائن بورڈلگائے ہیں۔ ڈی ٹی سی، آئی پی ڈپو، نئی دہلی کی جانب سے آرٹی آئی کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا تاثر دیا گیا ہے گویا ہندوستانی زبان اردو اور پنجابی، پاکستان آنے جانے والے مسافروں تک ہی محدود ہیں اور اس کی ضرورت مزید نہیں ہے۔ جبکہ اردو اور پنجابی دہلی کی دوسری سرکاری زبانیں ہیں اور جہاں پہلے سے ہی ہندی انگریزی کے ساتھ اردو اور پنجابی زبان کے سرکاری سائن بورڈ لگائے جانا رائج ہے۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے نہ صرف حکومت دہلی بلکہ اردوداں عوام کی بے حسی پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ اردو خالص ہندوستانی زبان ہے اور پورے ملک میں یکساں مقبول ہے۔ اس کے باوجود اردو کے تئیں بے حسی اور بے اعتنائی کی روِش قابل افسوس اور حیرت انگیز ہے۔ انہوں نے حکومت دہلی سے مطالبہ کیا ہے کہ اردو اور پنجابی کے فروغ کے لیے لازمی طور پر تمام محکمہ جات میں اُردو سیل قائم کیا جائے اور اردو افسران کے تقرر کو یقینی بنایا جائے نیز میٹرو میں جاری ہدایات میں بھی ہندی انگریزی کے ساتھ پنجابی اور اُردو کو شامل کیا جائے۔

Ads