Masarrat
Masarrat Urdu

کشن گنج کے لال اور نوجوان کانگریسی لیڈر مسعود ظفر راجستھان اقلیتی امور کا انچارج مقرر

Thumb

نئی دہلی، 8ستمبر (عابد انور) بہار کے ضلع کشن گنج سے تعلق رکھنے والے نوجوان کانگریسی لیڈر اور نوجوان راہل ٹیم کے ایک اہم رکن مسعود ظفر کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کے چیرمین ندیم جاوید نے راجستھان اقلیتی امور کا انچارج مقرر کیا ہے۔ مسٹر ظفر نے یہ بات فون پر بتائی۔
کشن گنج کے لال جن کا تعلق بائسی کے شیشہ باڑی سے تعلق ہے ، مسٹر ظفر اس سے پہلے دہلی کانگریس کے سوشل میڈیا (آئی ٹی سیل) کے سربراہ رہ چکے ہیں اور انہوں نے دہلی کی وزیر اعلی شیلا دکشت اور ہریانہ سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا کے علاوہ متعدد کانگریسی لیڈروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ راہل گاندھی کے نوجوانوں کی ٹیم کے ایک رکن بھی رہ چکے ہیں اور کانگریس میں فعال ہیں۔ اس کے علاوہ مسٹر ظفر کو جموں و کشمیر کے الیکشن میں مشاہد بھی بنایا گیا تھا۔اس کے ساتھ وہ کانگریس کے سکیریٹری اور بہار امور کے انچارج راجیش للوٹھیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ 
مسٹر مسعود ظفر کانگریس میں طویل تجربہ رکھتے ہیں ۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں۔15سے 20ریاستوں میں مختلف کانگریسی لیڈروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ 
راجستھان کے اقلیتی امور کا انچارج بنائے جانے پر انہوں نے کہاکہ وہ کانگریس کی امید پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے اور مسلم نوجوانوں کو کانگریس سے جوڑنے کی کوشش کریں گے تاکہ مسلمانوں کی سیاست میں شراکت میں اضافہ ہو۔ 
اسی کے ساتھ انہوں نے کہاکہ مسلم نوجوانوں کو زیادہ سے تعداد میں سیاست میں حصہ لینا چاہئے کیوں کہ تمام ترقی کی راہ سیاست سے ہی ہوکر گزرتی ہے اور اسی میں مسلمانوں کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی کا راز مضمر ہے۔
راجستھان کی سابق وزیر حمیدہ بیگم نے مسعود ظفر کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راجستھان میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 

Ads