Masarrat
Masarrat Urdu

عراق میں شادی ہال میں آتشزدگی سے 114 لوگوں کی موت

Thumb

بغداد، 27 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) عراق کے شمالی صوبہ نینویٰ کے قصبہ الحمدانیہ میں واقع شادی ہال میں آگ لگنے سے 114 لوگوں کی موت ہوگئی اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔

یہ اطلاع نینویٰ کے گورنر نجم الجبیری نے بدھ کے روز صحافیوں کو دی۔
سرکاری عراقی خبر رساں ایجنسی (آئی این اے) نے عراقی سول ڈیفینس کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ صوبائی دارالحکومت موصل سے 35 کلومیٹر جنوب مشرق میں الحمدانیہ شہر کے الھیثم شادی ہال میں منگل کی رات آگ لگ گئی۔
آئی این اے نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ جشن کے دوران آتش بازی کی گئی، جس کی وجہ سے آگ لگی۔ عمارت انتہائی آتش گیر مواد سے لیس تھی جس کی وجہ سے آگ مزید شدت اختیار کر گئی اور عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
آئی این اے نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان سیف البدر نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور وزارت صحت اس واقعے پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ آئی این اے نے رپورٹ کیا کہ وزیر صحت نے پڑوسی صوبوں کرکوک اور صلاح الدین کے محکمہ صحت کو متاثرین کو نکالنے میں مدد کے لیے ایمبولینس بھیجنے کی ہدایات دی ہیں۔
وزیر صحت کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شیعہ السودانی نے نینویٰ کے گورنر کو فون کیا اور صورتحال کے بارے میں جاننے کے لیے وزیر داخلہ اور وزیر صحت کو حکم دیا کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد کریں۔

Ads