Masarrat
Masarrat Urdu

دانش علی اور مسلمانوں کی توہین کرنے والے رمیش بڈھوڑی کو فوراً برخاست کیا جائے:مولانا عرفی قاسمی

Thumb

نئی دہلی، 24ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں چندریان 3 پر بحث کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ رمیش بڈھوڑی کے ایک مسلم رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی اور ان کے مذہب کے خلاف توہین آمیز رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مولانا اعجاز عرفی قاسمی نے مطالبہ کیا کہ اس رکن پارلیمنٹ کو فوراً برخاست کیا جائے۔

گزشتہ رات یہاں آل انڈیا تنظیم علمائے حق کے دفتر میں منعقدہ ایک مختصر سی میٹنگ میں انہوں نے کہاکہ اب تک فرقہ پرست عناصر دبی زبان سے اس طرح کے الفاظ کا استعمال کرتے تھے لیکن اب جمہوریت کے مندر میں ایک رکن پارلیمنٹ اس طرح کے توہین آمیز استعمال کرتا ہے اور اس کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کئی گئی ہے بلکہ انتباہ جاری کیا ہے اور نوٹس جاری کرکے اس سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب کہ اس سے بہت سے چھوٹے دیگر معاملات میں اسپیکر نے فوراً کارروائی کرکے معطل کردیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ہندوستانی جمہوریت، ہندوستانی آئین اور ہندوستانی پارلیمنٹ پر ایک بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پوری دنیا میں ملک کی شبیہ خراب ہوئی ہے اور بی جے پی رکن پارلیمان نے صرف دانش علی کی توہین نہیں کی ہے بلکہ ملک کے ہر ایک مسلمان کی توہین کی ہے اور یہ معاملہ غیر پارلیمانی الفاظ کا نہیں ہے بلکہ ہیٹ اسپیچ کا ہے۔انہوں نے اس پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ حکمراں طبقہ سے کسی وزیر کا کارروائی بیان تو دور مذمتی بیان تک نہیں آیا ہے۔
اترپردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری بدر الدین قریشی نے کہاکہ جس طرح کنور دانش علی کے بارے میں رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیاہے اس سے نہ صرف دانش علی کی توہین ہوئی ہے بلکہ پورے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے اور اس کی ہر طبقہ کی طرف سے مخالفت کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پارلیمنٹ کے اسپیکر بڈھوڑی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے تو دانش علی کو استعفی دے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی اقلیتوں کو آئندہ الیکشن میں اس توہین آمیز سلوک کا عملی جواب دینے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی کے عہدیدران اور آر ایس ایس ملک کے اندر نفرت کا ماحول بنارہے ہیں۔ راہل گاندھی نے اسی نفرت کے جواب میں بھارت جوڑا یاترا کی تھی اور راہل گاندھی کی دانش علی سے ملاقات نفرت کے خلاف محبت کی دکان کھولنے کی ایک پہل ہے۔
وشو شانتی پریشد کے صدر فیض احمد فیض نے مودی کے نیو انڈیا اور نئی پارلیمنٹ میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بڈھوڑی نے جس طرح کنور دانش علی کو ان کے مذہب کے حوالے سے نشانہ بنایا، بھونڈی زبان کا استعمال کیا اور مسلمانوں کی تذلیل کی اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کنور دانش علی موجودہ رول افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کمزور لوگوں کی طرح رونا نہیں بلکہ مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ کنور دانش علی کو استعفی دیکر اپنا اورمسلمانوں کے وقار کا دفاع کرنا چاہئے۔

Ads