Masarrat
Masarrat Urdu

میری کوم کی سربراہی میں نگرانی کمیٹی برج بھوشن کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرے گی

Thumb

میری کوم کی سربراہی میں نگرانی کمیٹی برج بھوشن کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرے گی
نئی دہلی، 23 جنوری 2023، مرکزی حکومت نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی اور بدعنوانی کے الزامات کی جانچ کے لیے عالمی چیمپئن ایم سی میری کوم کی سربراہی میں ایک پانچ رکنی نگرانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ میری کوم پانچ رکنی مانیٹرنگ کمیٹی کی سربراہی کریں گی جو ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی اور بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔ یہ کمیٹی اگلے ایک ماہ کے لیے ڈبلیو ایف آئی کے روزمرہ کے امور کی بھی دیکھ بھال کرے گی جبکہ برج بھوشن سنگھ صدر کے عہدے سے دوری بنائے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں اولمپک میڈلسٹ پہلوان یوگیشور دت، سابق بیڈمنٹن کھلاڑی اور مشن اولمپک سیل کی رکن ترپتی مرگنڈے، ٹاپس کے سابق سی ای او راجگوپالن اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر رادھیکا سریمن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مسٹر ٹھاکر نے ہفتہ کو اس کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا تھا جب ونیش پھوگٹ، بجرنگ پونیا، ساکشی ملک اور روی دہیا سمیت ملک کے کچھ سرکردہ پہلوانوں نے ڈبلیو ایف آئی اور برج بھوشن سنگھ کے خلاف تین روزہ ہڑتال کی تھی۔

Ads