مسٹر کھرگے نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ 2016 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اجولا یوجنا کے ذریعے خواتین کو لکڑی کے چولہے کے دھوئیں سے نجات دلانے اور سال میں 12 سبسڈی والے گیس سلنڈر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ پہلے سبسڈی والے سلنڈروں کی تعداد 12 سے کم کرکے نو کی گئی اور اب اسے صرف چار کر دیا گیا ہے۔ کانگریس صدر نے دعویٰ کیا کہ رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے کروڑوں مستحقین کے لیے سلنڈر بھروانا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں اجولا اسکیم کے مستحقین گیس ریفل خریدنے سے قاصر ہیں اور کئی خواتین کو دوبارہ روایتی چولہوں کا سہارا لینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت غریبوں اور خواتین کے مفادات کی باتیں تو کرتی ہے، لیکن اس کی پالیسیاں عام لوگوں پر معاشی بوجھ بڑھا رہی ہیں۔ اقتدار کے نشے میں چور مودی حکومت عوام کے حقیقی مسائل سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے رسوئی گیس کی قیمتوں میں راحت دینے اور اجولا یوجنا کے مستحقین کو مناسب سبسڈی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
