Masarrat
Masarrat Urdu

بزمِ صدف کی کویت شاخ کا عالمی آن لائن مشاعرہ 12ستمبر کو

Thumb

 

نئی دہلی/کویت،10 ستمبر (مسرت نیوز) اردو زبان و ادب کی ہمہ جہت ترقی کیلئے سرگرم بزمِ صدف انٹرنیشنل کویت شاخ کے زیر اہتمام آئندہ 12 ستمبر کو عالمی مشاعرہ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں کویت، جرمنی،برطانیہ، سعودی عرب اور ہندوستان سمیت بیرون ملک کے ایک درجن سے زائد مشہور شعراء ا ور شاعرات شرکت کریں گی۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ گذشتہ برسوں میں متعدد مواقع سے کویت میں مقیم اردو زبان و ادب سے متعلق سرگرم شخصیات سے اس شاخ کے قیام کے سلسلے سے تبادلہئ خیالات کا سلسلہ رہا۔ بالخصوص چیئرمین شہاب الدین احمد اور پروگرام ڈائرکٹر احمد اشفاق نے بزمِ صدف کی کویت ٹیم کے ارکان کو پہچاننے کی کوشش کی اور مختلف مراحل کے تبادلہئ خیالات اور غور و خوض کے بعد مشہور شاعر مسعود حساس کی صدارت میں کویت کی کمیٹی نے اپنی حتمی شکل اختیا رکی۔
بزم صدف کے چیرمین شہاب الدین احمدنے کہا کہ بزم صدف کی کویت شاخ کی تشکیل دیار غیر میں اردو کی آبیاری کی ایک کوشش ہے اور عالمی مشاعرہ کے ذریعہ ہم ان ؎شائقین اور سامعین تک پہنچنا چاہتے ہیں جو اردو سے مَحبت کرتے ہیں لیکن وہ اردوزبان سے واقف نہیں ہیں۔ اس سے ان میں اردو کے تئیں مزیددلچسپی پیداہوگی اور اس طرح اردو کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا چلاجائے گا۔


منعقدہونے والے افتتاحی پروگرام سے بزمِ صدف کے سرپرستِ اعلا محمد صبیح بخاری (قطر)، شعبہئ اردو دلی یونی ورسٹی کے صدر پروفیسر ارتضیٰ کریم، بزمِ صدف کے چیئرمین شہاب الدین احمداور بزمِ صدف کے ڈائرکٹر صفدر امام قادری خطاب کریں گے۔ مہمانِ اعزازی کے طور پر احمد اشفاق(قطر)، ڈاکٹر محمد گوہر(چیف ایڈیٹر روزنامہ تاثیر) اور سینئر صحافی یواین آئی عابد انور شریکِ بزم ہوں گے۔ 
بزمِ صدف کویت شاخ کی تاسیس کے موقعے سے ایک آن لائن عالمی مشاعرے کا پروگرام بھی مرتب کیا گیا ہے۔ گذشتہ دنوں بزمِ صدف نے 15/اگست کی رات میں باصر سلطان کاظمی کی صدارت میں ایک عالمی مشاعرہ منعقد کیا تھا اور اس بات کا وہاں اعلان ہوا تھا کہ عام طور پر مہینے میں ایک بار وبائی دنوں میں وقت کے جمود اور خوف کو توڑنے کی غرض سے ایک ادبی پروگرام، مشاعرہ یا کوئی خصوصی خطاب منعقد کیا جائے گا۔ اسی سلسلے سے کویت شاخ کی تاسیس کے موقعے سے ایک عالمی مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے جس کی صدارت بنگلہ دیش کے مشہور شاعر اور  ’کہکشاں‘مجموعے کے خالق مسٹر جلال عظیم آبادی کررہے ہیں۔ 

اس عالمی مشاعرے میں ہندستان، پاکستان، جرمنی، برطانیہ، قطر، کینیڈا، دوبئی، کویت اور بنگلہ دیش جیسے ممالک کے منتخب شعرا شامل کیے گئے ہیں۔ مشاعروں میں اپنے منتخب اشعار پڑھنے کی وجہ سے پاکستان کے عباس تابش کی ایک خاص شناخت ہے۔ اسی طرح کینیڈا میں مقیم جناب ضامن جعفری کی ظریفانہ شاعری کا ایک عالم شیدا ہے۔ جناب پرویز مظفر(برطانیہ) اور جناب انور ظہیر رہبر(جرمنی) کی شمولیت سے یورپ کی شاعری کا تازہ ذائقہ ہمیں میسر آئے گا۔ دوبئی میں مقیم بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ یافتہ شاعرہ ڈاکٹر ثروت زہرا اور سعودی عرب میں بود و باش اختیار کرنے والے جناب عادل مظفرپوری مشاعرے میں اپنی شاعری سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ ’دسترس‘ شعری مجموعے کے خالق جناب احمد اشفاق اور ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش قطر کی نمایندگی کریں گے۔ ہندستان سے ڈاکٹر ظفر امام قادری جو ’احساس کی ہجرت‘ اور ’سارا منظر ڈوب جاتا ہے‘ جیسے مجموعوں کے خالق ہیں، ان کی شمولیت ایک خاص حیثیت کی حامل ہے۔
 مشاعرے کی نظامت کویت شاخ کے صدر مسعود حساس کریں گے۔ اس آن لائن پروگرام کو روزنامہ تاثیر اور ہفتہ وار مسرت،نئی دہلی کا خصوصی تعاون حاصل ہے۔ مشاعرہ ’زوم ایپ‘اور بزمِ صدف کے فیس بک پر لائیو ہوگا۔ ہندستانی وقت کے مطابق 12/ستمبر کو ساڑھے آٹھ بجے رات سے اسے سنا اور دیکھا جاسکے گا۔ 


واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میں مشہور شاعر مسعود حساس کی صدارت میں بزم صدف انٹرنیشنل کویت شاخ کی تشکیل ہوئی تھی جس میں صابر عمر جنرل سکریٹری منتخب ہوئے اور دیگر عہدے داران میں نسیم زاہد، اظہار التسنیم، ایوب خان نیزہ اور ابراہیم سنگ قاصد شامل ہوئے۔ مرزا عمیر بیگ، محترمہ شاہ جہاں جعفری حجاب،  عامر قدوائی،  رانا اعجازاور جعفر صمدانی بزمِ صدف کی کویت شاخ کے سرپرست بنائے گئے ہیں۔ 
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر صفدر امام قادری نے اخبار کی اطلاع کو اصحابِ فکر و نظر کی خدمت میں مودبانہ دعوت نامے کے بہ طور پیش کرتے ہوئے گزارش کی ہے کہ وبا کی الجھنوں کے حصار سے نکلنے کے لیے اس خوب صورت اور منتخب پروگرام میں شامل ہوکر بزمِ صدف کی اس نئی شاخ کے اہالیان کا حوصلہ بڑھائیں اور اپنی زبان کے نئے اور معتبر چہروں اور ان کے نمایندہ کلام کو دیکھنے اور سننے کا موقع حاصل کریں

 

Ads